صدر مملکت سے ایرانی ہم منصب کی ملاقات، دوطرفہ تعاون مزید مضبوط کرنے پر اتفاق

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف زرداری سے ایرانی ہم منصب ابراہیم رئیسی نے ملاقات کی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایرانی ہم منصب ابراہیم رئیسی نے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پر اظہار اطمینان کیا، دوطرفہ تعاون مزید وسیع کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ غزہ کے عوام پر اسرائیلی ظلم و جبر کے خاتمے اور یہاں انسانی امداد میں اضافے کے لئے بین الاقوامی کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی سے فارسی میں گفتگو

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کو خوش آمدید کہنا اعزاز کی بات ہے، پاکستانی اور ایرانی صدر کی ملاقات کے حوالے سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ صدر آصف علی زرداری اور ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کی ملاقات ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی۔

اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک نے مشترکہ مفاد کے مختلف شعبوں میں مزید باہمی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی اور عالمی امور بالخصوص مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط

صدر آصف زرداری نے غزہ میں بگڑتی انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا، صدر مملکت نے غزہ کے عوام کے خلاف اسرائیل کی فوجی جارحیت کی شدید مذمت کی ان کا کہنا تھا کہ کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطینی کاز کی مستقل اور واضح حمایت جاری رکھے گا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں