دنیا مودی سرکار کی مقبوضہ کشمیر میں جاری فسطائیت کا نوٹس لے: چودھری انوارالحق

مظفرآباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جاری مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری فسطائیت کا دنیا نوٹس لے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق کی زیرصدارت آزاد جموں و کشمیر کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سینئر وزیر کرنل (ر) وقار احمد نور، وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس نے آزاد کشمیر میں امن وامان کی صورتحال پر کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں 29ویں آزاد جموں و کشمیر کابینہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن وامان کے قیام کے لئے حکومت پوری طرح چوکس ہے، حکومت نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رکھی ہے، تعلیم اور صحت ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔
چودھری انوارالحق نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان سرحدوں کی حفاظت کے لئے ان گنت قربانیاں دے رہی ہیں، مسلح افواج پاکستان کے شہداؤ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، جب تک قلم میں اختیار ہے عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے، کابینہ نے وزیر اعظم آزادکشمیر پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔