خودکش حملہ آور کے گھر پر چھاپہ، 2 بھائیوں، خاتون سمیت 4 افراد گرفتار
پشاور: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں خودکش حملہ کرنے والے دہشت گرد کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق خودکش بمبار کے دو بھائی اور خاتون سمیت چار افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ خودکش بمبار کا شناختی کارڈ دھماکے کی جگہ سے ملا تھا، مبینہ حملہ آور کی شناخت آئی ڈی کارڈ پر درج نام یاسر سے ہوئی۔
تفتیشی ذرائع نے مزید بتایا کہ خودکش بمبار کئی ماہ افغانستان میں مقیم رہا تھ۔
واضح رہے کہ اسلام کے علاقہ ترلائی میں امام بارگاہ میں خودکش دھماکہ ہوا تھا جس میں 32 افراد کے شہید اور 169 کے زخمی ہوئے تھے۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت کے علاقے ترلائی کلاں کے غازی شاہ امام روڈ پر امام بارگاہ کے گیٹ پر خودکش حملہ آور کو روکا گیا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا تھا، پولیس ذرائع کے مطابق خارجی خودکش کا تعلق فتنہ الخوارج سے تھا۔
ضلعی انتظامیہ نے 32 افراد شہید اور 169 زخمی ہونے کی تصدیق کر دی تھی، وفاقی دارالحکومت کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔
علاوہ ازیں وقوعہ کے شواہد جمع کر لیے گئے، شواہد جمع کرنے کیلئے نیشنل فرانزک ایجنسی اور نادرا کی مدد بھی لی گئی، خود کش بمبار نے پہلے فائرنگ کی، بعد میں مسجد کے ہال میں جا کر خود کو اڑا لیا، حملہ آور نے 4 سے 6 کلو بارودی مواد استعمال کیا۔
ذرائع نے بتایاکہ بال بیرنگ کی تعداد بہت زیادہ تھی، حملہ آور نے راستے میں 2 جبکہ مسجد کے اندر داخل ہو کر 6 گولیاں چلائیں، گولیوں کے خول جائے وقوعہ سے مل گئے۔