ملالہ کا تمام ممالک سے طالبان کیساتھ معمول کے تعلقات نہ رکھنے کا مطالبہ
لندن: (ویب ڈیسک) نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے تمام ممالک سے طالبان پر دباؤ ڈالنے اور ان کے ساتھ معمول کے تعلقات نہ رکھنے کا مطالبہ کردیا۔
نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں ملالہ یوسفزئی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی کے حوالے سے بہت ہی خطرناک وقت ہے، طالبان لڑکیوں اور خواتین کو ان کے حقوق سے محروم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طالبان لڑکیوں سے تعلیم کا بنیادی حق چھین رہے ہیں، لڑکیاں وہاں سکول نہیں جا سکتیں لیکن افغان لڑکیاں ہمت نہیں ہار رہیں، وہ اب بھی خفیہ سکولوں اور آن لائن تعلیم حاصل کر رہی ہیں، طالبان خواتین کو گھر سے باہر جانے اور کام کرنے نہیں دے رہے، بچوں کا مستقبل تاریک نظر آتا ہے۔
ملالہ یوسفزئی نے طالبان کا لڑکیوں کو تعلیم کے حصول سے روکنا اسلام کے پیغام کے خلاف قرار دیا اور کہا کہ طالبان کسی بھی بچی کو دین کے نام پر تعلیم سے محروم نہیں کر سکتے، طالبان اپنے دین کو سمجھیں، علم حاصل کرنا دین کا حصہ ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام ممالک انسانی حقوق کی بنیاد پر آگے آئیں، پاکستان سمیت دیگر مسلم ممالک کی بھی ذمہ داری ہے وہ طالبان کی غیر اسلامی اقدامات کی مذمت کریں۔
ملالہ نے کہا کہ وہ افغان لڑکیوں کے ساتھ کھڑی ہیں اور اور ان کے پروجیکٹ کو سپورٹ کر رہی ہیں۔