گیس سلنڈر دھماکوں پر اوگرا کے مجوزہ قوانین مسترد، نیا مسودہ لانے کی ہدایت
اسلام آباد: (ذیشان یوسفزئی) ملک میں گیس سلنڈر دھماکوں کے بڑھتے واقعات کے تناظر میں کابینہ کمیٹی نے اوگرا کے مجوزہ قوانین مسترد کرتے ہوئے اتھارٹی کو نیا اور جامع مسودہ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق اوگرا نے غیر قانونی سلنڈر بنانے والوں کے خلاف پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) میں سخت ترامیم تجویز کی تھیں، تاہم کابینہ کمیٹی نے مؤقف اختیار کیا کہ پی پی سی ایک قدیم قانون ہے اور یہ قوانین تمام دھماکہ خیز مواد سے متعلق ہیں، اس لیے اوگرا کو اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے مخصوص اور مؤثر قواعد و ضوابط تیار کرنے چاہئیں۔
کمیٹی نے اوگرا کو ہدایت کی ہے کہ گیس سلنڈرز کی تیاری، فروخت اور فلنگ سے متعلق جدید تقاضوں کے مطابق نیا مسودہ تیار کر کے پیش کیا جائے۔
اوگرا حکام کے مطابق ملک میں ایل پی جی سلنڈرز کی طلب میں ڈیڑھ سو فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے، یومیہ ایل پی جی کا استعمال جو پہلے دو سے ڈھائی ہزار ٹن تھا، اب بڑھ کر تقریباً 6 ہزار ٹن تک پہنچ چکا ہے۔
اوگرا کا کہنا ہے کہ حادثات میں اضافے کی بڑی وجہ مارکیٹ میں غیر معیاری سلنڈرز کی دستیابی اور غیر قانونی فلنگ کا عمل ہے، جس کے باعث قیمتی جانوں اور املاک کا نقصان ہو رہا ہے۔