سعودی عرب: بغاوت کے جرم میں 3 شہریوں کو پھانسی دیدی گئی
ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب میں مملکت کے خلاف بغاوت کے جرم میں تین شہریوں کو پھانسی کی سزا دے دی گئی۔
وزارت کے مطابق تین پھانسی پانے والوں پر الزام تھا کہ انہوں نے دہشت گردوں کی تنظیموں کی مدد کی، ان کے ساتھ رابطے میں رہے اور دہشت گردانہ سوچ اختیار کرتے ہوئے خون ریزی کا حصہ بننے کی کوشش کی۔
وزارت نے مزید بتایا کہ تینوں نے لوگوں کو مشتعل کیا، دہشت گردانہ اقدامات کے ارادے کے ساتھ ملکی سلامتی اور معاشرتی استحکام کے خلاف کام کیا، ان کو یہ سزا مملکت کے ریاض ریجن میں دی گئی۔
ان تینوں موت پانے والوں میں حنیفیس الھدلی، ماجدی بن محمد بن عطین الکعبی اور ریاض بن عامر بن مطر بن الکعبی شامل ہیں، ان کی گرفتاری کے بعد پراسیکیوٹر نے ان پر مقدمہ چلایا اور فوجداری عدالت سے انہیں سزا سنائی گئی تھی۔