سوڈان میں ریپڈ سپورٹ فورسز کا ڈرون حملہ، 8 بچوں سمیت 24 افراد ہلاک

خرطوم: (ویب ڈیسک) وسطی سوڈان میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے امدادی قافلے کو نشانہ بنائے جانے کے ایک دن بعد ریپڈ سپورٹ فورسز نے بے گھر خاندانوں کو لے جانے والی ایک گاڑی کو ڈرون سے نشانہ بنایا جس میں کم از کم 24 افراد مارے گئے جن میں 8 بچے شامل ہیں۔

سوڈان کی جنگ پر نظر رکھنے والے سوڈان ڈاکٹرز نیٹ ورک نے کہا کہ ریپڈ سپورٹ فورسز نے شمالی کردفان ریاست کے شہر الراھد کے قریب یہ حملہ کیا ہے، یہ گاڑی ان بے گھر افراد کو لے کر جا رہی تھی جو ڈبیکر کے علاقے میں لڑائی کے دوران علاقے سے نکلے تھے، مرنے والوں میں دو شیر خوار شامل ہیں، حملے میں کئی افراد زخمی ہوئے انہیں علاج کے لیے الراھد میں ہسپتال لے جایا گیا جو کردفان کے دیگر علاقوں کی طرح طبی سامان کی شدید قلت سے دوچار ہے۔

ڈاکٹرز نیٹ ورک نے بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ شہریوں کے تحفظ کےلیے فوری اقدامات کریں اور ریپڈ سپورٹ فورسز کی قیادت کو براہ راست ان خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرائیں۔

ریپڈ سپورٹ فورسز کی جانب سے اس وقعہ پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا جو تقریبا تین سال سے ملک کے کنٹرول کے لیے سوڈانی فوج کے خلاف جنگ کررہی ہے۔

یاد رہے کہ سوڈان اپریل 2023 میں اس وقت افرا تفری کا شکار ہوا جب سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان طاقت کے حصول کی کشمکش دارالحکومت خرطوم اور ملک کے دیگر مقامات پر باقاعدہ جنگ میں بدل گئی جس کے نتیجے میں دسیوں ہزار افررد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوگئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں