طاقت کا اصل سرچشمہ عوام کی استقامت ہے: ایرانی سپریم لیڈر

تہران: (دنیا نیوز) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے قوم سے خطاب کے دوران طاقت کا اصل سرچشمہ عوام کی استقامت کو قرار دے دیا۔

تہران میں جاری ایک ٹیلی وژن خطاب میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے قومی طاقت کے تصور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی اصل قوت جدید ہتھیاروں یا جنگی طیاروں میں نہیں بلکہ اس کے عوام کے عزم، حوصلے اور ثابت قدمی میں پوشیدہ ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر ایرانی قوم کو دباؤ میں رکھنے کی کوششیں اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک وہ مایوس نہ ہو جائیں، ایران کو درپیش چیلنجز کے باوجود قوم نے ہمیشہ ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق سپریم لیڈر نے اپنے بیان میں اس امر پر زور دیا کہ میزائل اور طیارے کسی ملک کی طاقت کا صرف ایک پہلو ہیں، جبکہ اصل بنیاد عوام کی قوتِ ارادی اور استقامت ہوتی ہے جو مشکل حالات میں قوم کو متحد رکھتی ہے۔

آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے خطاب میں عوام سے اپیل بھی کی کہ 11 فروری کو انقلابِ اسلامی کی سالگرہ کے موقع پر بڑے پیمانے پر ریلیاں نکالی جائیں تاکہ قومی یکجہتی کا اظہار ہو اور مخالف قوتوں کو واضح پیغام دیا جا سکے، ان کے مطابق ایسے اجتماعات دشمن کے حوصلے پست کرنے اور عوامی اتحاد کو نمایاں کرنے کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں