اسرائیل کی غزہ میں بربریت جاری، مزید 4 فلسطینی شہید

غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیل کی غزہ میں بربریت جاری رہی، اسرائیل نے مزید 4 فلسطینی شہید کر دیئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نےغزہ سٹی میں بے گھر افراد کی عمارت کو نشانہ بنایا، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مغربی کنارے میں اسرائیلی اقدام کی شدید مذمت کی۔

انتونیو گوتریس نے کہا یہودی بستیوں کی تعمیرعالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، اسرائیل مغربی کنارے پر قبضے سے متعلق فیصلہ واپس لے۔

واضح رہے کہ حماس نے کہا تھا کہ اسرائیلی حملوں نے غزہ میں جنگ بندی کو بے معنی کردیا، حماس کا کہنا تھا کہ ثالثوں کی امن کوششیں اسرائیل کی جانب سے نظر انداز کی جا چکی ہیں، غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیاں مسلسل جاری ہیں، حماس نے مزید کہا کہ امریکا اور دیگر ثالث ممالک اسرائیل کو جنگ بندی کی خلاف ورزیوں سے روکیں۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے امریکی میڈیا نے بتایا تھا کہ واشنگٹن میں شیڈول میٹنگ کیلئے ارکان کو دعوت نامے ارسال کر دیئے ہیں، میٹنگ کی میزبانی امریکی صدر ٹرمپ، بورڈ ممبران اور غزہ ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کریں گے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ غزہ بورڈ آف پیس کے چیئرمین ہیں۔

برطانیہ، فرانس اور ناروے سمیت اہم یورپی ممالک نے پیس بورڈ کو اقوام متحدہ کی حیثیت چیلنج کرنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے اس میں شمولیت سے انکار کر دیا ہے، بورڈ آف پیس کا مقصد حماس کو غیر مسلح کرنا اور غزہ کی تعمیر نو ہے۔

میٹنگ کا ایجنڈا ابھی سامنے نہیں لایا گیا تاہم امریکی میڈیا کے مطابق غزہ بورڈ کا قیام صدر ٹرمپ کی جانب سے پیش غزہ ڈیل کے دوسرے حصے پر عمل قرار دیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں