فلیٹ کی تزئین و آرائش پر برطانوی وزیر اعظم کیخلاف تحقیقات
وزیراعظم بورس جانسن کو ڈاؤننگ سٹریٹ کے رہائشی فلیٹ کی تزئین و آرائش پر آنے والے اخراجات کے معاملے پرتحقیقات کا سامناہے
لندن (رائٹرز)برطانوی وزیر اعظم اپنی منگیتر کیری سیمنڈز کے ہمراہ 11 ڈاؤننگ سٹریٹ پر واقع فلیٹ میں رہائش پذیر ہیں،برطانیہ کے مالیاتی قوانین کے مطابق وزیر اعظم کی سرکاری رہائش گاہ کی تزئین وآرائش کیلئے سالانہ 30 ہزار پاؤنڈمختص کئے جاتے ہیں، اس سے زائد کے اخراجات وزیراعظم کو اپنی جیب سے ادا کرنا پڑتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سرکاری رہائش گاہ کی تزئین و آرائش پر 2 لاکھ پاؤنڈ خرچ ہوئے ، برطانوی کابینہ کے مطابق یہ اخراجات وزیراعظم نے کئے ، مگر کیسے ادا کئے ، اس کی ابھی تک وضاحت جاری نہیں کی گئی۔بدھ کوبرطانیہ کے الیکٹورل کمیشن نے بورس جانسن کی 11 ڈاؤننگ سٹریٹ پر واقع سرکاری رہائشی فلیٹ کی تزئین و آرائش کے اخراجات کے بارے میں الزامات کی باقاعدہ تحقیقات کرنے کا اعلان کر دیا ۔کمیشن کے مطابق اس بات کی تفتیش کررہے ہیں کہ فلیٹ میں کام کے اخراجات کی ادائیگیاں مناسب طریقے سے ڈیکلیئر کی گئی تھیں یا نہیں، اس کے علاوہ کمیشن نے یہ بھی کہا ہے کہ اس بارے میں مناسب اسباب ہیں کہ شاید ایک جرم یا ایک سے زیادہ جرائم سرزد ہوئے ہوں۔برطانیہ کے ایک اعلیٰ افسر سائمن کا کیس کے تحقیقاتی افسر کے طور پر تقرر کیا گیا ہے ۔