عالمی برادری غریب ممالک سے چرائے گئے اثاثے واپس کرے: صدر علوی

عالمی برادری غریب ممالک سے چرائے گئے اثاثے واپس کرے: صدر علوی

انسانی حقوق کا درس دینے والے مہاجرین کو داخل ہی نہیں ہونے دیتے ،اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئے اقدامات کیے جائیں ، عارف علوی کی ایران، ازبکستان اور ترکی کے صدور سے ملاقاتیں ، تعاون بڑھانے ،تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد،اشک آباد(سیا سی رپورٹر،وقائع نگار،این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عالمی برادری غریب اور کم ترقی یافتہ ممالک سے لوٹی گئی رقوم کی امیر ممالک کو ترسیل روکے اور ہمارے چرائے گئے اثاثہ جات ہمیں واپس کئے جائیں۔افغان عوام کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے افغانستان کے منجمد اثاثے بحال کیے جائیں۔ اسلاموفوبیا ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے ، اسلامی برادری اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئے اقدامات کرے ، گلوبل وارمنگ ایک اہم مسئلہ ہے ، درجہ حرارت میں کمی کیلئے ترقی یافتہ ممالک اپنا کردار ادا کریں ۔ افغانستان میں امن و استحکام کیلئے امت مسلمہ کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ، پاکستان اس وقت 35 تا 40 لاکھ مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے لیکن تعجب ہے کہ انسانی حقوق کا درس دینے والے ممالک مہاجرین کو اپنے ممالک میں داخل ہی نہیں ہونے دیتے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا کو یہ سبق دینا ہو گا کہ اخلاقیات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اشک آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے 15 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، صدر علوی نے کہا کہ تجارتی و اقتصادی رابطوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ، ایکو کا پلیٹ فارم اقتصادی رابطوں کے اضافہ میں مدد دے گا۔ مختلف ممالک اور عالمی معیشتوں کے رابطوں کا فروغ ضروری ہے تاکہ مستقبل میں مل کر آگے بڑھا جا سکے ۔ ایکو کے متفقہ و یژن 2025ء اور اسلام آباد اعلامیہ پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہو گا ۔ صدر عارف علوی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ غریب اور کم ترقی یافتہ ممالک سے لوٹی گئی رقوم کی امیر ممالک کو ترسیل رو کی جا ئے اور ہمارے چرائے گئے اثاثہ جات ہمیں واپس کئے جائیں۔علاوہ ازیں ڈاکٹر عارف علوی نے اشک آباد میں ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی ،صدر علوی نے با ر ٹر ٹریڈ میکنزم کو بروئے کار لانے پر بھی زور دیا۔ صدر نے کہاکہ افغانستان کے لوگوں کی تکالیف کو دور کرنے کے لیے فوری معاشی امداد دی جائے ، علاوہ ازیں عارف علوی نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیو ف سے ملاقات کی ، اس موقع پر صدر پاکستان نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سیاسی روابط مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ،ازبکستان پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے سے تجارتی اور معاشی تعاون کو تیز کرنا ہو گا ، پاکستان ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کا حامی ہے اورجلد تکمیل کیلئے مکمل تعاون فراہم کرے گا ،دونوں رہنمائوں نے علاقائی و عالمی فورمز پر تعاون بڑھانے اور دو طرفہ تعلقات مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔ عارف علوی نے ازبکستان کے صدر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی ۔ صدر مملکت نے اشک آباد میں ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے بھی ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعاون ، تجارت اور معاشی تعلقات پر تبالہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں صدور نے علاقائی اور عالمی فورمز پر تعاون بڑھانے اوردو طرفہ تعلقات مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔صدر علوی نے اشک آباد میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے بھی ملاقات کی ۔دونوں صدور نے علاقائی اور عالمی فورمز پر تعاون بڑھانے ، دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں