حق نہ ملا تو اسلام آباد پر قبضہ کرینگے :علی امین گنڈا پور

حق نہ ملا تو اسلام آباد پر قبضہ کرینگے :علی امین گنڈا پور

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا اگر ہمیں حق نہ دیا گیا تو حکومت گرائیں گے اور اس بار اسلام آباد پر قبضہ کرلیں گے ، ہمیں ہمارا پورا حق ملنا چاہیے ، بانی پی ٹی آئی کو کوئی مائنس نہیں کر سکتا ایسے خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔

 انہیں مزید جیل میں رکھنا کسی کے بس میں نہیں، نو مئی کے اوپر اچھے سے جواب دے سکتے ہیں مگر ملک کی خاطر چپ ہیں، غلط کرنے والوں کو بھی معلوم ہے وہ ٹھیک نہیں کررہے ، اب بھی وقت ہے اپنی اصلاح کریں اور ہمیں اشتعال دلانے سے گریز کریں، عوام کو بخوبی علم ہے ملک میں چور اور مسلط کیا ہوا کون ہے ، مئی کا مہینہ فیصلہ کن ہوگا۔ علی امین گنڈا پور نے اسلام آباد میں تحریک انصاف کے 28ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہمیں اشتعال دلانے سے گریز کریں، ہم جواب دینگے اس میں ہمارا نقصان ہے اور نہ دیا تب بھی خمیازہ بھگتنا ہوگا۔ ہم نہیں چاہتے کچھ لوگوں کی وجہ سے ہمارے اداروں کے خلاف نفرت پیدا ہو، یہ ادارے ہمارے ہیں، ان کے بارے نفرت پیدا ہو یہ برداشت نہیں کرینگے ۔ انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی کو جو لوگ جیل میں رکھنا چاہتے تھے اُن کی ہمت جواب دے رہی اور بانی پی ٹی آئی کا حوصلہ مزید بڑھ رہا ہے ، ملک کا بچہ بچہ بانی پی ٹی آئی کیلئے جان دینے کو تیار ہے ، انہوں نے کہا جن کو جیل میں ہونا تھا وہ پارلیمنٹ میں بیٹھے جبکہ جیل کے اصل حقدار باہر گھوم رہے ، کوئی وزیراعظم ہے تو کوئی وزیر اعلیٰ۔ اگر ایسی تبدیلیاں نہ آئیں جو آنی چاہئیں تو پھر ایک صوبہ خیبر پختونخوا جب نکلے گا تو بانی پی ٹی آئی کو لے کر جائے گا، چوروں کی حکومت گراکر جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں