مقبوضہ کشمیر:دوشہدا کی نامعلوم مقام پرتدفین،لاش برآمد

مقبوضہ کشمیر:دوشہدا کی نامعلوم مقام پرتدفین،لاش برآمد

یاسرپر ے ، فرقان کوبھارتی فورسز نے پلوامہ میں ماورائے عدالت شہید کیا تھا ، کانسٹیبل فائرنگ سے زخمی،فاروق عبداللہ گاڑی پرکشمیر کا پرچم لگائے پارلیمنٹ پہنچے

سرینگر(خبرایجنسیاں)بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ایک حملے میں ٹریفک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ نامعلوم افراد نے راجوری کدل میں محمد عبداللہ ٹریفک پولیس اہلکار پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ اپنی ڈیوٹی پر تھا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ ادھر پلوامہ میں دو نوجوانوں یاسر احمدپرے اور فرقان علی کی لاشوں کو بھارتی فوج نے نامعلوم مقام پر سپرد خاک کر دیا، ان کی لاشیں لواحقین کو نہیں دی گئیں۔ادھرجمعرات کو پلوامہ ضلع کے بگوانی ترال میں 23 سالہ نوجوان فرحان احمد کی لاش ایک کھیت سے ملی۔ ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس دیگر حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے وادی کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے ۔انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ زیرتسلط علاقے میں جدید دور کی غلامی ختم کرنے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے ۔ادھر نیشنل کانفرنس کے صدراور بھارتی پارلیمنٹ کے رکن فاروق عبداللہ اپنی گاڑی پرمقبوضہ علاقے کا جھنڈا لگاکر پارلیمنٹ پہنچے ۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے انسانی حقوق کے سرکردہ محافظ خرم پرویز کی کالے قانون کے تحت گرفتاری پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکی رہائی پر زور دیا ہے ۔ ادھر یتیم کشمیری بچوں کی بھارتی منڈیوں میں فروخت کے انکشاف کے بعد پامپور پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا، انتظامیہ نے تمام ڈویژنز میں یتیم کشمیری بچوں کی صورت حال معلوم کرنے کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹیاں تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں