امریکا کو دیوالیہ سے بچانے کیلئے حکومتی قرض کی حد میں اضافے کا بل منظور

واشنگٹن (اے پی پی)امریکی صدر جو بائیڈن اور ایوان نمائندگان کے سپیکر میک کارتھی نے امریکی حکومت کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے جنوری 2025 تک حکومتی قرضے 314 کھرب ڈالر کی حد میں 15 کھرب ڈالر اضافے کے بل پر اتفاق کر لیا ۔
برطانوی اخبار کے مطابق بل کے حق میں 314 ووٹ اور مخالفت میں 117 ووٹ پڑے ،جس کے بعد پیر 5جون سے پہلے بل کے لیے کانگریس کی مکمل منظوری درکار ہے اور اس کی ناکامی کی صورت میں امریکی تاریخ میں پہلی بار محکمہ خزانہ کے پاس اپنے قرضوں کی ادائیگی کے لیے فنڈز ختم ہو سکتے ہیں۔ڈیموکریٹ پارٹی کے رہنما ئو ں نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ وہ بل کی منظوری کے لیے درکار ووٹ حاصل کر لیں گے لیکن اگر وہ ناکام ہو جاتے ہیں تو ہو سکتا ہے کہ وزارت خزانہ اپنی ادائیگیوں کو پورا نہ کر سکے جس سے معاشی افراتفری پھیل جائے گی۔