چین میں سٹار بننے والا بھارتی ، کامیابی کی کہانی نصاب میں شامل

 چین میں سٹار بننے والا بھارتی ، کامیابی کی کہانی نصاب میں شامل

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی شہری دیو رتوڑی چین میں سٹار اداکار کی مقام حاصل کرنیوالے ایک ایسے خوش قسمت ہیں جن کی کامیابی کی کہانی چین میں نصاب کا حصہ ہے ۔

دیو رتوڑی کا کہنا ہے کہ ان کی زندگی میں یوٹرن بروس لی کی زندگی پر مبنی فلم ڈریگن دیکھنے کے بعد آیا۔ انہوں نے بروس لی کو دیکھ کر مارشل آرٹ سیکھا،ان کی فلموں میں ایکشن بہت ہے ۔ بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے گاؤں کیمریا سور میں پیدا ہونیوالے 46 سالہ دوارکا پرساد رتوڑی کو آج دنیا ‘دیو رتوڑی’ کے نام سے جانتی ہے ۔ جب انہیں پہلی مرتبہ 1998 میں ممبئی میں کیمرے کا سامنا کرنے کا موقع ملا تو وہ بہت نروس ہو گئے تھے ۔ اپنی کہانی بیان کرتے ہوئے دیورتوڑی نے بتایا کہ کئی چھوٹے چھوٹے کام کئے ،گھر کے مالی حالات خراب ہونے کے باعث وہ دسویں جماعت سے آگے نہ پڑھ سکے ، 1991 میں روزگار کیلئے دہلی میں ایک ڈیری فارم میں 350 روپے ماہانہ تنخواہ پر کام کیا، جس میں نواحی آبادیوں میں سائیکل پر دودھ بیچنا ہوتا ہے ، اس ملازمت میں اس نے سائیکل چلانا سیکھ لی۔ایک سال بعد ایک بلڈر کیساتھ کام شروع کیا، جہاں تنخواہ 500 روپے اور کام میں گاڑی صاف کرنا اور چلانا شامل تھا، 1998 میں بلڈر کے سخت رویئے سے ناراض ہو کر ملازمت یہ کہہ کر چھوڑ دی کہ میں ہیرو بننے جا رہا ہوں۔ اسی دوران ایک دوست نے چین کے ایک ریستوران میں نوکری کا کہا، ریسٹورنٹ میں پانچ ہزار ماہانہ پر ویٹر کی نوکری ملی ، تین ماہ بعد چینی ریسٹورنٹ کے مالک نے ویزا منظور کرایا ، 2005 میں چین پہنچ گیا۔ بعدازاں بیجنگ کے ایک جرمن ریستوران میں ملازمت مل گئی،2010 میں بیجنگ میں امریکی ریستوران میں بطور جنرل منیجر کام کیا،پھر ریستوران کو پیشہ بنانے کا فیصلہ کر لیا،2013 میں اپنا پہلا ریستوران ژیان شہر میں ریڈ فورٹ کے نام سے کھولا، دو سال کے اندر مزید چھ ریستوران کھولے ۔ 2015 میں ایک فلم ڈائریکٹر مسٹر تھان ریستوران میں آئے اور کہا کہ ایک چھوٹا سا شوٹ کرنا ہے جس میں آپ کو بھی چھوٹا کردار ادا کرنا ہے ، سین شوٹ ہوا ، میں نے اپنا کردار اچھے طریقے سے نبھایا، فلم کا نام سوات تھا۔ اس فلم کے بعد ایک اور ہدایتکار نے مجھے اپنی فلم میں گینگسٹر کا کردار دیا، فلم نے اچھا بزنس کیا جس کے بعد مجھے فلمیں ملنے لگیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک وہ 35 سے زائد فلموں اور ڈراموں میں کام کر چکے ہیں، ان کے چین میں 11 ریستوران ہیں، ان میں سے 8 ہندوستانی کھانوں ، تین چینی کھانوں کے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک روز سکول کے کچھ بچے ملنے آئے ، ان میں چینی دوست کی بیٹی بھی شامل تھی۔ بچوں نے بتایا کہ دیو رتوڑی کی کہانی ان کی ساتویں جماعت کی انگریزی کی کتاب میں پڑھائی جاتی ہے ۔ دوست کی بیٹی نے کہا کہ انکل، بچوں کو یقین نہیں تھا کہ میں آپ کو جانتی ہوں، اس لئے انہیں یہاں لائی ہوں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں