دبئی کانفرنس:نگران وزیراعظم کا پاکستان پویلین کا دورہ

دبئی کانفرنس:نگران وزیراعظم کا پاکستان پویلین کا دورہ

دبئی (دنیا نیوز،خبر ایجنسیاں)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے دبئی میں اقوام متحدہ کی 28ویں کانفرنس آف پارٹیز کے لئے قائم کئے گئے پاکستان پویلین کا دورہ کیا۔

وزیراعظم کو لاس اینڈ ڈیمج کے فنڈ کے لئے مذاکرات اور سہولت کاری کے حوالے سے کوششوں کے بارے میں بتایا گیا۔ وزیر اعظم کو لیونگ انڈس انیشی ایٹو کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، لیونگ انڈس انیشی ایٹو دریائے سندھ کی بحالی کے لیے ڈیزائن کیا گیا۔انوار الحق کاکڑ نے پویلین میں پاکستانی موسمیاتی ماہرین سے بھی ملاقات کی اور موسمیاتی تبدیلی کے خطرے کو کم کرنے کے حوالے سے ان کی کوششوں کو سراہا۔نگراں وزیراعظم کی کوپ 28 میں سائیڈ لائن ملاقاتیں جاری ہیں، انوار الحق کاکڑ کی ازبکستان کے صدر شوکت مریضایف سے ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں کے مابین ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ انوارالحق کاکڑ کی آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے بھی ملاقات ہوئی۔نگران وزیراعظم نے برطانوی بادشاہ چارلس سوئم اور دیگر عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی بات چیت بھی کی۔وزیراعظم نے برطانوی وزیر اعظم رشی سونک ، ڈنمارک کی وزیراعظم میٹ فریڈرکسن اور دیگر عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی بات چیت بھی کی۔ انوار الحق کاکڑ نے نیدرلینڈ (ہالینڈ )کے وزیر اعظم مارک روٹے سے بھی ملاقات کی۔انہوں نے نیدر لینڈ کی کمپنیوں کو زراعت، باغبانی، پانی کے انتظام اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا پاکستان اور نیدرلینڈز کو باہمی دلچسپی کے امور پر دوطرفہ اور یورپی یونین کے ذریعے مل کر کام کرنا چاہئے ۔دونوں رہنماؤں نے غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی حقوق کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے نیدرلینڈز کے وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے جمہوریہ ایسٹونیا کی وزیر اعظم کاجا کالس اور امارات کے وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم سے بھی ملاقات کی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں