بانی پی ٹی آئی کے بارے میں سوال:پاکستان یا دنیا میں ہر قیدی کی حفاظت چاہتے ہیں:امریکا

بانی پی ٹی آئی کے بارے میں سوال:پاکستان  یا دنیا میں  ہر  قیدی  کی  حفاظت  چاہتے  ہیں:امریکا

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیوملر نے پریس کانفرنس کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بارے میں سوال پر کہاکہ پاکستان یا دنیامیں ہرقیدی کی حفاظت چاہتے ہیں۔۔۔

ہم پاکستان میں کسی خاص سیاسی جماعت سے متعلق کوئی  پوزیشن نہیں لیتے ۔میتھیو ملر کی پریس کانفرنس کے دوران ان سے سوال کیاگیاکہ کیا امریکی سینیٹر چک شومر نے پاکستانی سفیر سے ملاقات کی ہے ،کیا بانی پی ٹی آئی کی حفاظت امریکا کی اولین ترجیح ہے ،اس سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہناتھاکہ محکمہ خارجہ اور سینیٹر چک شومر کے درمیان بات چیت سے متعلق میں نہیں جانتا ، اس طرح کی بات چیت یقینی طور پر ممکن ہے ، ہم پاکستان یا دنیا میں کہیں بھی ہر قیدی کی حفاظت دیکھنا چاہتے ہیں ، ہر شخص اور ہر قیدی بنیادی انسانی حقوق اور قانون کے تحت تحفظ کا حق دار ہے ۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی پی ٹی آئی رہنمائوں سے ملاقات پر سوال کے جواب میں میتھیوملرنے کہا کہ امریکی سفیر نے عمر ایوب اور اپوزیشن کے دیگر ارکان سے ملاقات کی ہے ، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کیلئے اہم امور پر بات چیت کی گئی ، معاشی اصلاحات ، انسانی حقوق اور علاقائی سلامتی پر بات ہوئی ، پاکستان کے معاملات پر ہمارا موقف وہ ہے جو پہلے بیان کر چکے ہیں ، پاکستان میں انتخابات سے متعلق کوئی پوزیشن نہیں رکھتے اورنہ ہی پاکستان میں کسی خاص سیاسی جماعت سے متعلق کوئی پوزیشن نہیں لیتے ، ہم بنیادی انسانی حقوق کو برقرار رہتے دیکھنا چاہتے ہیں ۔سعودی عرب اور پاکستان کے حوالے سے ایک جواب میں ان کاکہناتھاکہ ہمیشہ شراکت داروں کے درمیان سفارتی تعلقات کی حمایت کرتے ہیں ، میرے پاس سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان پر مزید تبصرہ نہیں ہے ، سفارتی مصروفیات معمول کی بات ہے ، حمایت اور حوصلہ افزائی کرتے ہیں ، ایران کی بات آتی ہے تو یقیناً علاقائی تنائو کے خاتمے کا خیر مقدم کرتے ہیں ، ہم نے ایران اور پاکستان کے درمیان محدود پیمانے پر تنازعات دیکھے ، خطے میں مسلسل عدم اعتماد کے روئیے کے پیش نظر ایران کے ارادوں پر شکوک ہیں ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں