ملک کو تباہ کرنیوالوں کا احتساب ہونا چاہیے،میرا گلہ ہے کہ مجھے ہٹا یا گیا اور قوم خاموش بیٹھی رہی:نواز شریف

ملک کو تباہ کرنیوالوں کا احتساب ہونا چاہیے،میرا گلہ ہے کہ مجھے ہٹا یا گیا اور قوم خاموش بیٹھی رہی:نواز شریف

لاہور (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک، سپیشل رپورٹر،نیوز ایجنسیاں)پاکستان مسلم لیگ (ن )کے قائد نوازشریف نے کہا ہے کہ93ء میں ہماری حکومت کا تختہ کیوں الٹاگیا؟ ، پاکستان کو تباہ و برباد کرنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے ،بانی پی ٹی آئی نے پیٹھ میں چھرا گھونپا، طاہر القادری، ظہیرالاسلام کیساتھ لندن گئے۔

وہاں ہمارے خلاف سازش کا جال بنا،میر ا گلہ ہے کہ مجھے ہٹایا گیا اور قوم خاموش بیٹھی رہی ، میرے پاس ثاقب نثار کی آڈیوہے ،مجھے پارٹی صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ کہیں اور سے آیاتھا ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں ہم ملک کو مشکلات سے نکالیں گے ،سیاسی پارٹیاں نوازشریف سے مل کر چلیں، قائد کو پارٹی صدارت واپس لوٹانا میرے لئے اعزاز کی بات ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤ ن میں پارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، رانا ثنا اللہ، احسن اقبال، اسحاق ڈار سمیت دیگر اراکین بھی شریک ہوئے ،اجلاس میں شہباز شریف کو پاکستان مسلم لیگ ن کا قائم مقام صدر نامزد کر دیا گیا۔ احسن اقبال نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کے صدر کا استعفیٰ موصول ہوا ہے ،قائم مقام صدر کا تقرر کیا جائے ۔ احسن اقبال نے قرارداد پیش کی کہ سینٹرل ورکنگ کمیٹی صدر کے چنا ؤتک شہباز شریف کو قائم مقام صدر کے عہدے پر برقرار رکھے ،کمیٹی نے قرارداد منظور کرلی۔ شہباز شریف 28 مئی تک ن لیگ کے قائم مقام صدر ہوں گے جبکہ رانا ثنا اللہ کو چیف الیکشن کمشنر مقرر کر دیا گیا،28مئی کوجنرل کونسل اجلاس میں پارٹی قائد نواز شریف کو صدر منتخب کیا جائیگا، الیکشن کمیشن نے پارٹی صد ر کے انتخابکیلئے الیکشن شیڈول بھی جاری کر دیا ۔

دریں اثنا مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے خطاب میں مزید کہا کہ 1993میں ہماری حکومت نے ملکی ترقی کیلئے جو ایجنڈا دیا اگراس پر عمل ہوجاتا تو آج ملک دنیا میں بہت اوپر ہوتا اور ایشیا میں سب سے آگے ہوتے ،ہم نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، ایٹم بم نہ بنانے کیلئے 5ارب ڈالر آفر کیے گئے تھے ،ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کا نتیجہ یہ نکلا کہ پرویز مشرف نے مارشل لا لگا کر وزیراعظم کو ہائی جیکر بنادیا، رات وزیراعظم اور صبح ہائی جیکر بن گیا، مجھے سزائے موت دلوانے کی بھرپور کوشش کی گئی، جب میرے خلاف کچھ نہ بن سکا تو 7 سال کے لیے ملک بدر کردیاگیا۔انہوں نے کہا کہ جلاوطنی کے بعد واپس آئے اور 2013میں دوبارہ ہماری حکومت آئی، اقتدار میں آنے کے بعد 2013 میں بنی گالہ گیاتھا، الیکشن میں بانی پی ٹی آئی نے 35 پنکچر کا الزام لگایا، انہیں سمجھایا کہ یہ بات درست نہیں مل کر چلیں اور ملک کیلئے کام کریں، وہ اٹھنے لگے تو کہا بنی گالا کی سڑک بنادیں جو میں نے بنوادی ۔نواز شریف نے مزید کہا کہ اس کے بعد بانی پی ٹی آئی، طاہرالقادری اور ظہیرالاسلام لندن چلے گئے جہاں ہماری حکومت کے خلاف سازش کا جال بنا گیا اور پی ٹی آئی نے دھرنے شروع کرد یئے ، بانی پی ٹی آئی نے پیٹھ میں چھرا گھونپا اور دھرنے شروع کر دیئے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی ملک میں صدر اور وزیراعظم کوججز نہیں نکال سکتے ، مجھے پارٹی کی صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ ن لیگ سینٹرل کمیٹی کا نہیں تھا فیصلہ کہیں اور سے آیا ،نیب جج کو6ماہ میں جعلی کیس کافیصلہ کرنیکاحکم دیاگیا ۔

قائد ن لیگ نے مزید کہا کہ میرے پاس ثاقب نثار کی آڈیو موجود ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں بانی پی ٹی آئی کو لاناہے ، کیا ثاقب نثارکی آڈیو لیک کااحتساب نہیں ہونا چاہیے ؟ ،کرپٹ ججز ، مظاہر نقوی کو بھی کٹہرے میں لانا چاہیے ، اتنی جائیدادیں کہاں سے آئیں؟ ، 75 برس سے اگر احتساب ہوتا رہتا تو آج ہم مختلف قوم ہوتے ، ایسے بندے کو لائے جس نے اور تباہی مچادی ۔نواز شریف نے کہا کہ احتساب صرف سیاستدانوں کا ہوا ہے ، فیصلہ دینے والے ججز کا بھی احتساب ہونا چاہیے ،مولانا فضل الرحمن میرے اچھے دوست ہیں انہوں نے کہا کہ ہم اور آپ مل کر کے پی میں حکومت بناسکتے ہیں مگر میں نے معذرت کی اور کہا کہ سنگل لارجسٹ پارٹی پی ٹی آئی ہے ، انہوں نے میری بات مانی اور ہم نے کے پی میں پی ٹی آئی کی حکومت بنانے میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی ۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہبازشریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کے ساتھ ظلم کی وجہ سے پارٹی صدارت مجھے سونپی گئی تھی ، نواز شریف کے ساتھ ظلم کرکے انصاف کے پرخچے اڑائے گئے ، قائد مسلم لیگ ن نوازشریف کو پارٹی صدارت لوٹانا اعزاز کی بات ، امانت واپس لوٹا رہا ہوں۔ شہباز شریف نے کہا کہ میں 1999 میں نواز شریف کو ہتھکڑیاں لگنے کا منظر ساری زندگی نہیں بھول سکتا ،نوازشریف نے فیصلہ کیاتھا پاکستان کو ایٹمی طاقت بنائیں گے اور کرکے دکھایا،افواج پاکستان کے ساتھ ملکر ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا ۔شہباز شریف نے کہا کہ 2013 میں اقتدار سنبھالتے ہی آپ نے لوڈشیڈنگ کاخاتمہ کرکے قوم کو اندھیروں سے نکالا، نوازشریف ہی ملک کو مسائل سے نکال سکتے ہیں ، آج پاکستان ایسے مقام پر کھڑا ہے اگر ہم سب نے مل کر کشتی کو منجدھار سے نکالنے کے لئے پوری کوشش نہ کی توآنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی ،میرا ایمان ہے نواز شریف قوم کو یکجا کر سکتے ہیں ، میں دوسری جماعتوں سے کہوں گا کہ نواز شریف کے ساتھ مل کر اکٹھے ہوں اور اس قوم کے زخموں پر مرہم رکھیں ۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ نواز شریف کی خدمات قوم بھول نہیں سکتی ، پوری قوم گواہ ہے کہ کس طرح ان کے بعد ایک ایسا شخص ملک پر مسلط کر دیا گیا کہ جس نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ۔شہباز شریف نے مزید کہا آپ نے وزیر اعظم کے طور پر میرے کاندھوں پر ذمہ داری ڈالی ہے ، آخری لمحوں تک میں نے اپنے قائد کی منت کی کہ آپ وزیر اعظم بنیں لیکن آپ نہیں مانے ۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان پہاڑ جیسے مسائل میں گھرا ہے ، قرضے ، بیروزگاری اورمہنگائی کو لے لیں ، آپ نے معیشت کو 6.5پر چھوڑا تھا آپ مہنگائی کو ساڑھے تین فیصد پر لے کر آئے تھے ۔ مسلم لیگ (ن )کے رہنما احسن اقبال نے خطاب میں کہا کہ شہباز شریف نے ن لیگ کی صدارت اصل حقدار کو لوٹانے کیلئے استعفیٰ دیا ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ شہباز شریف کا پارٹی صدارت سے استعفیٰ بھاری دل سے قبول کیا گیا ۔ دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف سے گزشتہ روز گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ان کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی۔وزیراعظم نے سردار سلیم حیدر کو گورنر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا،گورنر پنجاب نے وزیر اعظم کو گلدستہ پیش کیا ، اس ملاقات میں صوبہ پنجاب کے امور پر تبادلہ کیا گیا ۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف سے پاکستان میں  برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے گزشتہ روز یہاں ملاقات کی ، اس دوران پاکستان اور برطانیہ میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں اضافے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔قائد ن لیگ محمد نواز شریف نے پاکستان میں سماجی شعبے کی ترقی اور دونوں ممالک کے تعلقات کی مزید مضبوطی کے لئے برطانوی ہائی کمشنر کی کاوشوں کو سراہا۔برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کے لئے وقت دینے پر پارٹی قائد محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں