نواز شریف آئی ٹی سٹی پراجیکٹ،وزیراعلیٰ نے کمرشل لانچنگ کردی

نواز شریف آئی ٹی سٹی پراجیکٹ،وزیراعلیٰ نے کمرشل لانچنگ کردی

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی،اے پی پی ،آئی این پی )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پاکستان کے پہلے نوازشریف آئی ٹی سٹی پراجیکٹ کی کمرشل لانچنگ کر دی ، تقریب میں وزیر اعلیٰ نے نواز شریف آئی ٹی سٹی کے آفیشل لوگوکی رونمائی کی۔

گزشتہ روز لاہور کی ڈیفنس سوسائٹی کے فیز سیون میں منعقدہ تقریب کے دوران نواز شریف آئی ٹی سٹی کے لئے سی بی ڈی اور 15 آئی ٹی اور ایجوکیشن کمپنیوں کے درمیان ایم او یو پر دستخط بھی کئے گئے ۔ چین، امریکا، ترکی اور دیگر ممالک کے سفیروں نے تقریب میں خصوصی شرکت کی ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے نواز شریف آئی ٹی سٹی پراجیکٹ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صرف ڈھائی ماہ کی مختصر عرصے میں نواز شریف آئی ٹی سٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا ،نواز شریف آئی ٹی سٹی کے سنگ بنیاد سے آج نئی تاریخ لکھی جا رہی ،آئی ٹی سٹی نواز شریف کے نام سے منسوب ہے جنہوں نے جدید پاکستان اورتھری جی،فورجی کی بنیاد رکھی ۔ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی کا انقلاب دیکھنا چاہتی ہوں، عمران امین نے بہت اچھا کام کیا ،اب آئی ٹی سٹی جلد از جلد مکمل کر کے دکھا دیں،نواز شریف سٹی میں متعدد انٹرنیشنل ٹیک جائنٹس آ رہے ہیں، 10 کمپنیاں اپنے آفس بنانے آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی 853 ایکڑ پر مشتمل ہے ، دس سال کے لیے اسے ٹیکس فری کردیا ،نواز شریف آئی ٹی سٹی میں آئی ٹی اینڈ ٹیک ڈسٹرکٹ، نالج سٹی اور فلم سٹی ہوگا۔

نالج میں انٹرنیشنل یونیورسٹیاں اپنے کیمپس بنائیں گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فلم کی ترقی کے لئے نواز شریف آئی ٹی سٹی میں فلم سٹی بنے گا جس میں جدید ساز و سامان اور ٹیکنالوجی ہوگی، نوجوانوں کی آئی ٹی میں ترقی کے لیے انکیوبیٹرز بنا کردیں گے ، نوجوان تین ماہ میں اپنا کام شروع کریں، نواز شریف آئی ٹی سٹی ہمارے نوجوانوں کو دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملانے کا موقع دے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اتنا بڑا آئی ٹی انقلاب آیا ہے تو پاکستان میں کیوں نہیں آ سکتا؟۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایک سال میں آئی ٹی سٹی کی دس بلڈنگز بن جانی چاہئیں،موٹر وے ، لیپ ٹاپ، تھری جی، فور جی یہ سب مسلم لیگ(ن) کی نشانیاں ہیں ،شہباز شریف نے طلبہ کو لیپ ٹاپ دینے کا اچھاقدم اٹھایا تھا لیکن بدقسمتی سے پچھلے 5، 6 سالوں میں بچوں کے ہاتھ سے لیپ ٹاپ لے کر ڈنڈے تھما دئیے گئے اور آج وہ بچے جیل کی سلاخوں کے پیچھے پڑے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ لاہور میں 100 سے زیادہ جگہوں پر فری وائی فائی کی سہولت فراہم کر دی گئی ، جلد ہی پورے شہر کو فری وائی فائی کی سہولت دیں گے ،لاہور کے بعد پورے پنجاب میں فری وائی فائی کی سہولت دی جائے گی،انہوں نے کہا کہ جلد دوبارہ لیپ ٹاپ سکیم شروع کر رہے ہیں، جلد ای بائیکس مہیا کریں گے ، درخواست دینے والی دس ہزار کے قریب بچیوں کو ای بائیکس دینے کی ہدایت کی ہے ۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت بورڈ آف ریونیوریفارمزسے متعلق خصوصی اجلاس ہوا۔پنجاب اربن لینڈ سسٹمز ان ہانسمنٹ (Pulse)پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ نے ڈیجیٹلائزیشن کے لئے ضروری اقدامات اورلینڈ ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں متعلقہ محکموں کے اشتراک کار کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔ ۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز نے خوشاب سون ویلی میں ٹرک کھائی میں گرنے سے 14افراد کے جاں بحق ہونے پرگہرے دکھ اوررنج کا اظہار کیاہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں