امریکا کا اسرائیل کیلئے ایک ارب ڈالر کے اسلحے کا نیا پیکیج
غزہ،واشنگٹن (اے ایف پی،اے پی ،مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی کانگریس کے عہدیداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ اسرائیل کو ایک ارب ڈالر کے اسلحے اور بارود کا نیا پیکیج بھجوا رہی ہے ۔
عہدیداروں نے نام نہ بتانے کی شرط پر اسرائیل کو اسلحہ بھجوانے کے معاملے پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ پیکج میں ٹینکوں کے گولہ بارود کے لیے 70 کروڑ ڈالر، فوجی گاڑیوں کیلئے 50 کروڑاور چھ کروڑ ڈالر کے مارٹر گولے شامل ہیں تاہم اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا کہ اسرائیل کو فوجی پیکیج کب بھجوایا جائے گا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 60افراد شہید ، 80زخمی ہو گئے ۔وزارت صحت کے مطابق 7اکتوبر 2023سے جاری جنگ میں ابتک 35ہزار 233فلسطینی شہید،79ہزار141زخمی ہو چکے ۔ لبنان پر اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کا فیلڈ کمانڈر حسین مکی مارا گیا۔حزب اللہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر توپ سے گولہ باری کی اور متعدد راکٹ داغے ،حزب اللہ کی جانب سے ایک فوجی بیرک کو نشانہ بنایا گیا۔ فلسطینیوں نے گزشتہ روز76 سال قبل اسرائیلی ریاست کے قیام کے دوران بڑے پیمانے پر نقل مکانی کے نقبہ کی سالگرہ منائی۔ ہزاروں افراد نے مغربی کنارے کے شہروں میں مارچ کیا، فلسطینی پرچم لہرائے ، کیفیہ سکارف پہنے اور علامتی چابیاں اٹھائے قبضہ کئے گئے گھروں کو یاد کیا ۔غزہ کے ایک بے گھر شخص محمد الفارع نے کہا 2023 کا نقبہ بدترین ہے ،یہ 1948 کے نقبہ سے کہیں زیادہ مشکل ہے ۔اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے کہا کہ میں نے غزہ میں اقتدار کیلئے حماس کا متبادل تلاش کرنے کا مطالبہ کیا لیکن مجھے کوئی جواب نہیں ملا۔میں واضح کرتا ہوں کہ غزہ میں اسرائیلی فوجی انتظامیہ کے قیام سے اتفاق نہیں کروں گا، اسرائیل کا غزہ کی پٹی پر سویلین کنٹرول نہیں ہونا چاہیے ۔آئرلینڈ کے وزیر خارجہ اور نائب وزیر اعظم مائیکل مارٹن نے کہا ہے کہ ہم رواں ماہ کے اختتام سے پہلے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کر لیں گے ۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ رفح سے 5لاکھ افراد کو نکال لیا گیا ، انہوں نے کہا عالمی برادری نے جس انسانی تباہی کے بارے میں خبردار کیا تھا وہ نہیں ہوا۔ بحرین کی میزبانی میں عرب لیگ کا 33 واں سربراہ اجلاس آج جمعرات کو منعقد ہو رہا ہے ۔ منامہ میں ہونے والے اجلاس میں مسئلہ فلسطین، خطے کی سلامتی اور معاشی چیلنجز پر بات کی جائے گی۔عالمی عدالت نے کہا ہے کہ وہ جنوبی افریقا کی جانب سے اسرائیل پر رفح میں حملے کو روکنے کے لیے ہنگامی احکامات نافذ کرنے کی درخواست پرآج جمعرات اور جمعہ کو سماعت کرے گی۔