حزب اللہ کا راکٹوں، ڈرونز سے 9اسرائیلی فوجی تنصیبات پر حملہ

حزب اللہ کا راکٹوں، ڈرونز سے 9اسرائیلی فوجی تنصیبات پر حملہ

بیروت،غزہ (اے ایف پی،رائٹرز)حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس نے راکٹوں اور اسلحے سے لیس ڈرونز کے ذریعے اسرائیل کی9 فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے ۔

 رائٹرز کے مطابق لبنان کی جنوبی سرحد پر مسلسل کشیدگی جاری ہے ۔حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل کی 6 فوجی تنصیبات پر کیتیوشا اور فلک راکٹس داغے ہیں۔ایک ساتھ 100 سے زائد راکٹ  فائر کیے گئے ۔ راکٹوں کے ساتھ ساتھ ڈرون حملے بھی کیے گئے جس سے اسرائیل کی شمالی کمانڈ کا ہیڈکوارٹرز، خفیہ اطلاعات کا ہیڈکوارٹرز اور فوجی بیرکس نشانہ بنائی گئیں۔دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری سے 30فلسطینی شہید ،105زخمی ہو گئے ۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق صیہونی حملوں میں اب تک 37ہزار232افراد شہید ،85ہزار 37زخمی ہو چکے ۔ اسرائیلی ہیلی کاپٹروں نے جمعرات کو رفح پر شدید حملہ کیا، اسرائیل محصور علاقے کو بمباری،توپ کی گولہ باری اور فائرنگ کا نشانہ بنا رہا ہے ۔ القسام بریگیڈ نے کہا کہ مجاہدین سڑکوں پر اسرائیلی فوجیوں سے لڑ رہے ہیں۔علاوہ ازیں حماس نے امریکا پر زور دیا کہ وہ غزہ میں مستقل جنگ بندی کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے ۔بحیرہ احمر میں حوثی فوج کے حملے میں ایک تجارتی بحری جہاز میں آگ لگ گئی۔غزہ کے کچھ باشندوں نے جنگ بندی میں تاخیر پر حماس پر تنقید کی ہے ۔67 سالہ ام علا و دیگر غزہ کے رہائشیوں نے میڈیا کو بتایا کہ اگر حماس کو جنگ ختم کرنے اور فلسطینی عوام کے مصائب کو ختم کرنے میں دلچسپی ہے تو معاہدے پر راضی ہو جائے ۔ترکیہ کے صدر نے غزہ کے مسئلے پراصولی موقف پر سپین کا شکریہ ادا کیا۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں