امریکا کو سمجھ لینا چاہیے ایران دباؤ میں ہرگز نہیں آئیگا :پزشکیان

تہران (اے ایف پی،رائٹرز ) ایران کے منتخب صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ امریکا کو یہ حقیقت سمجھ لینی چاہیے کہ ایران دباؤ میں ہر گز نہیں آئے گا۔
ایرانی روزنامے میں شائع ہونے والے ایک بیان میں پزشکیان نے کہا ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش نہیں کر رہا ۔انہوں نے کہا کہ امریکا کو اس حقیقت کا ادراک کرنا چاہیے کہ ایران کے دفاعی نظرئیے میں جوہری ہتھیاروں کا حصول شامل نہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ بڑی قوتوں کے ساتھ اس وقت رکے ہوئے مذاکرات کے حوالے سے کشیدگی کم کریں گے تا کہ 2015 کے جوہری معاہدے کو پھر سے زندہ کیا جا سکے ۔پزشکیان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چین اور روس مشکل وقتوں میں مسلسل ہمارے ساتھ کھڑے رہے ، ہم اس دوستی کو انتہائی گراں قدر سمجھتے ہیں۔ ایران کے لیے روس ایک تزویراتی حلیف اور اہم پڑوسی ہے ، میری انتظامیہ دونوں ملکوں کے بیچ تعاون کو بڑھانے اور وسیع کرنے پر کاربند رہے گی۔