اہم ڈیموکریٹس گورنرز کی صدارتی امیدوار کملا کی حمایت

اہم ڈیموکریٹس گورنرز کی صدارتی امیدوار کملا کی حمایت

واشنگٹن(اے ایف پی،رائٹرز)کئی اہم ڈیموکریٹس گورنرز نے کملا ہیرس کی بطور صدارتی امیدوار حمایت کردی۔

مشیگن، الینائے ، منیسوٹا، وسکونسن اور کینٹکی کے  گورنر نائب صدر کملا ہیرس کے حامیوں میں شامل ہو گئے ۔سابق سپیکر نینسی پلوسی نے بھی نائب صدر کی حمایت کر دی ۔ رپورٹس کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کے 50 سے زیادہ ارکان کانگریس کملا ہیرس کی حمایت کر چکے ۔ 19 اگست کو ڈیموکریٹک پارٹی کے نیشنل کنونشن میں صدارتی امیدوار کو باقاعدہ نامزد کیا جائے گا۔ واضح رہے بائیڈن اتوار کو صدارتی دوڑ سے دستبردار ہوگئے تھے ، انہوں نے اپنی جگہ کملا ہیرس کو صدارتی امیدوار نامزد کرنے کی توثیق کی تھی۔ادھر ڈیموکریٹ پارٹی نے اپنا صدارتی امیدوار جلد از جلد نامزد کرنے کی کوششیں تیز کر دیں۔ڈیموکریٹ پارٹی نے امریکا بھر میں ڈیلی گیٹس کو ای فارم بھیج دئیے ۔کملا ہیریس کیلئے کم سے کم 10فیصد ڈیلی گیٹس کی حمایت لینے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔مجموعی ڈیلی گیٹس کا 10فیصد کملا ہیرس کے حامی ہوئے تو صدارتی امیدوار بنانا نسبتاً آسان ہو گا۔امریکی نائب صدر نے کہا ہے کہ صدارتی امیدوار کے لیے صدر بائیڈن کا توثیق کرنا میرے لیے اعزاز ہے ۔نامزدگی اور صدارتی انتخاب جیتنے کے لیے پُرعزم ہوں۔دریں اثنا کملا ہیرس کی انتخابی مہم کیلئے فنڈ ریزنگ،ایک روز میں 8کروڑ 10لاکھ ڈالر اکٹھے کر لئے گئے ۔ادھر سیکرٹ سروس ڈائریکٹر کمبرلی چیٹل نے ٹرمپ کی ریلی میں سکیو رٹی کی ناکامی کی ذمہ داری قبول کرلی۔ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کے معاملے پر امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی میں سیکرٹ سروس ڈائریکٹر کمبرلی چیٹل کی پیشی ہوئی۔ اس موقع پر کمبرلی نے کہا کہ سیکرٹ سروس ایجنسی ٹرمپ کے تحفظ کے مشن میں ناکام ہوئی، میں ٹرمپ کی ریلی میں سکیورٹی ناکامی کی مکمل ذمہ داری لیتی ہوں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں