چین ، امریکا،یورپی یونین کی بلوچستان میں دہشتگردی کی مذمت

چین ، امریکا،یورپی یونین کی بلوچستان میں دہشتگردی کی مذمت

بیجنگ ،واشنگٹن ،برسلز(مانیٹرنگ ڈیسک)چین ،امریکا ،یورپی یونین اور ایران نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے ۔چین نے پاکستان سے سکیورٹی تعاون بڑھانے کا اعلان بھی کیا ہے ۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پریس بریفنگ کے  دوران کہا کہ ہم دہشتگرد حملوں کی شدید مذمت اور ان حملوں میں جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔ چین ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف مضبوط کھڑا ہے ، ہم انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کو آگے بڑھانے ، سماجی یکجہتی،استحکام کو برقرار رکھنے اور لوگوں کے تحفظ کیلئے پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے ،ہم پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی،سکیورٹی تعاون کو مزید بڑھانے اور خطے میں امن و سلامتی کے مشترکہ تحفظ کیلئے تیار ہیں ۔اسلام آباد میں موجود امریکی سفارتخانے کے ترجمان جوناتھن لالی نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔ یورپی یونین کی خارجہ امور اور سکیورٹی پالیسی کی ترجمان نبیلہ مسرالی کا کہنا ہے کہ یورپی یونین بلوچستان میں علیحدگی پسند گروپوں کے گھناؤنے حملوں کی مذمت کرتی ہے ۔ دہشت گردی اور تشدد کی کسی بھی صورت میں کہیں جگہ نہیں اور یہ جمہوریت کی بنیادوں کے لیے خطرہ ہے ۔ ہماری ہمدردی دہشت گرد حملے میں متاثر ہونے والوں کے ساتھ ہے ۔اسلام آباد میں ایرانی سفارخانے کے بیان میں کہاگیاکہ ایران دہشتگردی کی سخت مذمت اور متاثرین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتاہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں