وحشیانہ اسرائیلی حملے جاری،غزہ 99،لبنان میں 50 افراد شہید،سینکڑوں زخمی

وحشیانہ  اسرائیلی  حملے  جاری،غزہ  99،لبنان  میں  50  افراد  شہید،سینکڑوں  زخمی

غزہ ،بیروت ،یروشلم (اے ایف پی،رائٹرز) وحشیانہ اسرائیلی حملے جاری ،غزہ 99،لبنان میں 50افراد شہید،سینکڑوں زخمی ہو گئے ۔

 اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ گزشتہ روز بیروت میں حزب اللہ کے انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا ۔حملوں میں کمانڈ سنٹرز اور اضافی انفراسٹرکچر کو تباہ کیا ہے ۔آئی ڈی ایف نے کہاجنوبی لبنان کے علاقے بنت جبیل میں فضائی حملے میں حزب اللہ کے 15 کارکنوں کو شہید کر دیا۔ادھر اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے 25دیہاتوں کے رہائشیوں کو انخلا کا حکم دیا ہے ،آئی ڈی ایف کا کہنا تھا اسرائیلی فوج آپ کو نقصان پہنچانے کا ارادہ نہیں رکھتی، آپ کو اپنی حفاظت کے لیے فوری طور پر اپنے گھروں کو خالی کرنا چاہیے ۔دوسری جانب حزب اللہ نے کہا کہ اسرائیلی شہر تبریاس پر راکٹوں کا ایک بیراج فائر کیا اور دھماکا خیز مواد سے فوجیوں کو نشانہ بنایا ہے ۔مارون الراس قصبے میں صیہونی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی ہے ۔بڑے پیمانے پر اسرائیلی فوج کو نقصان پہنچا ہے ۔ یمنی فوج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا کہ انہوں نے تل ابیب پر ڈرون حملے کئے ، اہم ہدف کو نشانہ بناتے ہوئے متعدد ڈرونز کے ذریعے فوجی آپریشن کیا۔ کامیابی سے اپنے اہداف پر حملے کیے ،دشمن ڈرون مار گرانے میں کامیاب نہیں ہوا ۔اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا کہ 2 ڈرون تل ابیب تک پہنچے ۔ امریکی صدر بائیڈن کا کہنا تھا امریکا اسرائیل کی جانب سے ایرانی تیل کی تنصیبات پر حملے کے امکان کا جائزہ لے رہا ہے ۔ بائیڈن نے ممکنہ اسرائیلی حملوں کے بارے میں صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔وائٹ ہاؤس میں صحافیوں نے سوال کیا کہ کیا امریکا اسرائیل کو ایران کی جانب سے منگل کے حملوں کا جواب دینے کی اجازت دے گا؟، بائیڈن نے کہا ہم اسرائیل کو اجازت نہیں مشورہ دیتے ہیں۔لبنانی وزیر صحت فراس ابیاد نے صحافیوں کو بتایاکہ اسرائیلی بمباری سے 3 دنوں میں 40 سے زیادہ ریسکیورز اور فائر فائٹرز شہید ہو گئے ، لڑائی شروع ہونے کے بعد سے 97 پیرامیڈیکس اور فائر فائٹرز مارے جا چکے ۔ لبنان کی وزارت صحت نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 50 افرادشہید اور 100سے زائد زخمی ہوئے ۔7 اکتوبر 2023 کو غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 1ہزار 928لبنانی شہید ہو چکے ۔لبنان نے کہا کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان تقریباً ایک سال سے جاری لڑائی میں پہلی بار ایک فوجی کی شہادت کے بعد لبنانی فورسز نے اسرائیلی فائرنگ کا جواب دیا ہے ۔ فوج نے ایک بیان میں کہا بنت جبیل میں چوکی پر حملے میں ایک لبنانی فوجی مارا گیاجس پر جوابی کارروائی کی۔

لبنان کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ جمعرات کو حزب اللہ کے جنوبی بیروت کے مضبوط گڑھ پر تین اسرائیلی فضائی حملے کیے گئے ۔بیروت میں رات بھر کے فضائی حملوں کی رپورٹنگ کرتے ہوئے بیلجیئم کے دو صحافی سٹیجن اوررابن سمٹ زخمی ہو گئے ،ایران نے جرمنی اور آسٹریا کے سفیروں کو طلب کر کے ان کی حکومتوں کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملے کی مذمت کرنے پر احتجاج کیا، ایران نے جی سیون گروپ کو اسرائیل پر میزائل حملے کی مذمت پر تنقید کا نشانہ بنایا، وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بغائی نے کہا یہ حملہ اسرائیل کے جارحانہ اقدامات کا ضروری ردعمل تھا،جی سیون متعصب اور اس کا رویہ غیر ذمہ دارانہ ہے ۔ایرانی میڈیا کے مطابق شام میں پاسداران انقلاب کا ایک اہلکار رواں ہفتے کے شروع میں دمشق پر اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے کے باعث چل بسا ،شہید کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ۔فرانس کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گوتریس کو شخصیت سے محروم قرار دینے کے اسرائیل کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ افسوسناک اور غیر منصفانہ ہے ۔ادھر اماراتی کمپنی ایمریٹس نے علاقائی کشیدگی کے باعث آج اور کل عراق، ایران اور اردن کے لیے پروازیں منسوخ کر دیں ۔ غزہ پر اسرائیلی بربریت میں 99افراد شہید،200سے زائد زخمی ہو گئے ،وزارت صحت کے مطابق 7اکتوبر 2023سے جاری جنگ میں ابتک 41ہزار788فلسطینی شہید،96ہزار 794زخمی ہو چکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں