حافظ نعیم کی بلاول، عباسی، اچکزئی کو غزہ مارچ میں شرکت کی دعوت

حافظ نعیم کی بلاول، عباسی، اچکزئی کو غزہ مارچ میں شرکت کی دعوت

اسلام آباد،لاہور(اپنے رپورٹرسے ،سٹاف رپورٹر، سیاسی نمائندہ،مانیٹرنگ ڈیسک )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی سے ملاقات جبکہ تحریک تحفظ آئین کے سربراہ محمود اچکزئی سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے 6 اور 7 اکتوبر کو کراچی ، اسلام آباد میں غزہ ملین مارچز میں شرکت کی دعوت دی ۔

زرداری ہاؤس میں ملاقات پرغزہ میں مظالم کی مذمت اور اتقاق کیا گیا کہ تمام پارٹیوں کو اہل فلسطین کے حق میں مشترکہ پلیٹ فارم سے آواز بلند کرنی چاہیے ۔ بلاول بھٹو نے کہا سیاسی و نظریاتی اختلافات کے باوجود جماعت اسلامی کے فلسطین و کشمیر پر موقف کی تائید اور مشترکہ احتجاج کی حمایت کرتے ہیں ۔ نعیم الرحمن نے بلاول کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں کہا اختلافات کے باوجود تمام اپوزیشن اور حکومتی پارٹیوں کو غزہ پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف مشترکہ موقف اپنا کر 7اکتوبر کو سڑکوں پر آکر احتجاج کرنا چاہیے ۔ انہوں نے بلاول سے اپیل کی کہ وہ حکومت میں ہونے پر وزیراعظم سے کہیں کہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا سال مکمل ہونے پر 7اکتوبر کو حکومتی سطح پر احتجاج کی کال دیں، مکمل سپورٹ کرینگے ۔ بعدازاں امیر جماعت نے شاہد خاقان عباسی کو ملاقات میں غزہ ملین مارچ کی دعوت دی۔ دونوں رہنماؤں نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں کہا تمام جماعتوں کو متحد ہوکر فلسطینیوں کیلئے آواز اٹھانی چاہیے اور حکمرانوں کو مجبور کرنا چاہیے کہ وہ فلسطینیوں کو صہیونی مظالم سے نجات دلانے کیلئے عملی اقدامات کریں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں