مقبوضہ کشمیر :بھارتی مظالم جاری،جعلی مقابلے میں نوجوان شہید
سرینگر(اے ایف پی، اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری،قابض فوجیوں نے ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی میں ضلع بارہمولہ میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔
کے ایم ایس کے مطابق نوجوان کو ضلع کے علاقے اوڑی میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران جعلی مقابلے میں شہید کیا۔آخری اطلاعات تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔علاوہ ازیں ضلع شوپیاں میں نامعلوم افراد کے حملے میں زیڈ موڑ ٹنل منصوبے پر کام کرنیوالے دو غیر کشمیری مزدور ہلاک ہو گئے ۔دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ کشمیر میں میڈیا کیلئے کوئی سخت پالیسی نہیں ہوگی،یقینی بناؤں گا کہ ریاست میں صحافت آزاد رہے ، میڈیا کو مضبوط کرنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں گے ،ذرائع ابلاغ کو پیغام دیتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ آپ کو میرے خلاف لکھنے کی وجہ سے سزا نہیں ملے گی ۔میں یہ یقینی بناؤں گا کہ میڈیا آزاد رہے اور خوف سے بھرے ماحول میں کام نہ کرے۔