امریکا کیساتھ کچھ معاہدوں پر تیزی سے آگے بڑھ رہے ، سعودیہ
ریاض (اے ایف پی)سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ واشنگٹن کے ساتھ کچھ دوطرفہ معاہدوں پر کافی تیزی سے آگے بڑھ سکتے ہیں ، تاہم اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق ایک میگا ڈیل فی الحال دسترس سے باہر ہے ۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا جب تک فلسطینی ریاست کا مسئلہ حل نہیں ہوتا اس وقت تک اسرائیل کیساتھ تعلقات معمول پر آنا ممکن نہیں ۔انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ درحقیقت متعدد معاہدوں پر کام کر رہے ہیں،ان میں سے کچھ بہت تیزی سے آگے بڑھ سکتے ہیں جو خاص طور پر تجارت اور اے آئی وغیرہ سے متعلق ہیں یہ کسی تیسرے فریق سے منسلک نہیں ہیں،انہوں نے کہا کہ دفاعی تعاون کے کچھ اہم معاہدے بہت زیادہ پیچیدہ ہیں ہم یقینی طور پر موجودہ انتظامیہ کی مدت سے پہلے ان کا خیرمقدم کریں گے لیکن یہ ہمارے کنٹرول سے باہر دیگر عوامل پر منحصر ہے ۔شہزادہ فیصل نے کہا کہ امریکا میں اگلے ہفتے ہونے والے صدارتی انتخابات میں ریاض کی کوئی ترجیح نہیں ہے ۔ ہم سابق صدر ٹرمپ کے ساتھ پہلے بھی کام کر چکے ہیں، اس لیے ہم انہیں جانتے ہیں، اور ہم ان کے ساتھ اچھی طرح کام کرنے کا راستہ تلاش کر سکتے ہیں۔