بنگلہ دیش:شیخ حسینہ کی اتحادی جاتیہ پارٹی کا ہیڈ کوارٹر نذر آتش

بنگلہ دیش:شیخ حسینہ کی اتحادی جاتیہ پارٹی کا ہیڈ کوارٹر نذر آتش

ڈھاکہ (مانیٹرنگ ڈیسک)بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں سابق معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ کی اتحادی جاتیہ پارٹی کا ہیڈ کوارٹر نذر آتش کر دیا گیا تاہم کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع نہیں۔

حملے کی فوری طور پر کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور ڈھاکہ کے علاقے بجوئی نگر میں پارٹی کے ہیڈکوارٹر میں گھس گئے جہاں ان کا پارٹی کے کارکنوں کے ساتھ تصادم ہوا اور بالآخر انہوں نے عمارت کو آگ لگا دی۔رپورٹس کے مطابق جاتیہ پارٹی بنگلہ دیش کی تیسری بڑی سیاسی جماعت ہے ، اسے 1980 کی دہائی میں سابق فوجی حکمران ایچ ایم ارشاد نے قائم کیا۔طلبا تحریک کے سرکردہ رہنما حسنات عبداللہ نے کہا کہ جاتیہ پارٹی کو حسینہ واجد حکومت کی حمایت کرنے پر تباہ کر دینا چاہیے ۔انہوں نے فیس بک پوسٹ میں جاتیہ پارٹی کو قومی غدار قرار دیا۔پارٹی کے سیکرٹری جنرل مجیب الحق نے حملے کا الزام طلبا پر لگایا ہے ۔ انہوں نے کہا لوگ دیکھ رہے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ کیا کر رہے ہیں۔یاد رہے پانچ اگست کو حسینہ واجد اس وقت ملک چھوڑ کر بھارت فرار ہو گئیں جب طلبا کے مظاہرے حکومت مخالف احتجاجی تحریک میں تبدیل ہو گئے ۔ اس انتشار کے دوران سینکڑوں طلبا، سکیورٹی اہلکار اور دوسرے لوگ جان سے گئے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں