اسٹاک ایکسچینج :دو نفسیاتی حدیں پھر بحال ،171ارب منافع
کراچی(آن لائن)اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پانچویں زبردست تیزی کارجحان رہا۔مارکیٹ میں89ہزاور 90ہزار پوائنٹس کی دو نفسیاتی حدیں ایک بار پھر بحال ہو گئیں۔
اس دوران سرمایہ کاروں کو 171ارب روپے کا منافع ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 117کھرب روپے سے تجاوزکر گیا جبکہ 51.16 فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہواتاہم کچھ دیر بعد مارکیٹ تنزلی کا شکار ہو گئی، بعد ازاں مارکیٹ میں ریکوری دیکھی گئی۔ ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف کی طرف سے پاکستان میں انفلیشن میں کمی کی پیش گوئی ،زر مبادلہ ذخائر میں اضافہ اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں پیش رفت پربازار حصص کی سرگرمیوں میں مجموعی طور پر تیزی رہی۔کاروبا رکے اختتا م پر 100انڈیکس 1893 پوائنٹس کے اضافے سے 90859پوائنٹس پرجا پہنچا، اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 630پوائنٹس کے اضافے سے 28457پوائنٹس اورآل شیئرز انڈیکس 56913پوائنٹس سے بڑھ کر 57872پوائنٹس ہو گیا۔ مجموعی طور پر 430کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 220کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 156میں کمی اور54کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔کاروبار کے لحاظ سے سلک بینک اورکے ای حصص کے سودوں میں سرفہرست رہے ۔