اسرائیلی بربریت جاری ،غزہ 55،لبنان میں30 شہید

اسرائیلی بربریت جاری ،غزہ 55،لبنان میں30 شہید

غزہ،بیروت ،یروشلم (اے ایف پی،رائٹرز) اسرائیلی بربریت جاری ،گزشتہ 24 گھنٹے میں صیہونی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں 50جبکہ لبنان میں 30سے زائد افراد شہید ،سینکڑوں زخمی ہو گئے ۔

دوسری جانب اسرائیل کی کابینہ نے جمعہ کے روز 2025 کے جنگی بجٹ کی منظوری دی، اب بجٹ منظوری کیلئے پارلیمنٹ میں جائے گا جہاں وزیر اعظم نیتن یاہو اتحاد کے پاس اکثریت ہے ۔انتہائی دائیں بازو کے وزیر خزانہ سموٹریچ نے کہا کہ اسرائیل مختلف محاذوں پر سرگرم ہے ،فوجی و دیگر اخراجات کیلئے 162ارب ڈالر مختص کئے ہیں ،انہوں نے کہا مضبوط اسرائیلی معیشت ترقی اور خوشحالی کیلئے تیار ہے ۔لبنانی وزیر اعظم نجیب میکاتی نے کہا کہ اسرائیل کے لبنان پر تازہ حملے جنگ بندی کی تمام کوششوں سے پیچھے ہٹنے کا اشارہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنانی شہروں اور دیہات کی آبادیوں کو بار بار انخلا کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ لبنان کی وزارت صحت نے کہا کہ بعلبیک میں اسرائیلی حملوں میں کم ازکم 10 افراد شہید ،26 زخمی ہوئے ، جن میں سے زیادہ تر ایک ہی گاؤں کے لوگ تھے ۔ شہادتیں بڑھنے کا خدشہ ہے ۔تھائی لینڈ کے وزیر خارجہ سنگیامپونگسا نے کہا ہے کہ لبنان سے راکٹ فائر کے نتیجے میں شمالی اسرائیل میں چار تھائی باشندے ہلاک ہو گئے ،یہ واقعہ جمعرات کے روز شمالی اسرائیل کے قریب واقع قصبے المطلہ کے نزدیک پیش آیا۔واضح رہے اسرائیل میں تقریباً 30 ہزار تھائی شہری رہتے ہیں۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں اب تک کم ازکم 43ہزار 259فلسطینی شہید،1لاکھ 1ہزار 8سو27زخمی ہو چکے ہیں۔

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں