غزہ :اسرائیلی حملے جاری،30شہید ،70سے زائد زخمی
غزہ(اے ایف پی،رائٹرز)گزشتہ 24 گھنٹوں میں غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں 30 افراد شہید، 70 سے زائد زخمی ہوگئے۔
شمالی غزہ میں گھروں پر اسرائیلی حملوں میں 17 شہری شہید ہو گئے۔ بیت لاہیہ میں چھ جبکہ جبالیہ میں چار لوگ حملوں کا نشانہ بنے ۔شہدا میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ۔ جنوبی غزہ میں متعدد اسرائیلی حملوں میں 13 فلسطینی مارے گئے ۔خان یونس میں چار بچوں سمیت نو شہریوں کی شہادت ہوئی ۔ رفح میں اسرائیلی چھاپے کے بعد ایک خاتون اور اس کے دو بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گولہ باری سے متعدد عمارتیں اور انفراسٹرکچر تباہ ہو گیا ، شمالی غزہ میں ایک لاکھ سے زائد شہریوں کو خوراک، پانی اور ادویات میسر نہیں ۔ادھر لبنان میں ایک بنگلہ دیشی کی فضائی حملے میں موت ہو گئی۔ لبنان نے کہا کہ جنوبی شہر سیڈون کے قریب اسرائیلی حملے میں تین افراد شہید ، نو زخمی ہو گئے۔
اسرائیل نے بعلبک سے انخلا کا حکم دینے کے بعد شدید بمباری کی ۔ حملوں میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا خطرہ ہے ۔گزشتہ روز فلسطینیوں کے حامی مظاہرین اعلان بالفور کی برسی کے موقع پر احتجاج کے دوران برطانیہ کی ایک یونیورسٹی سے پہلے اسرائیلی صدرچیم ویزمین کے دو مجسمے لے گئے ،یاد رہے بالفور اعلامیہ کے 107 سال مکمل ہو گئے ہیں۔بالفور ڈیکلریشن میں برطانیہ کے وزیر خارجہ آرتھر بالفور نے 1917 کے ایک خط میں یہودیوں کیلئے گھر بنانے کے منصوبے کو واضح کیا۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں صیہونی حملوں میں ابتک کم ازکم 43ہزار 341فلسطینی شہید ،1لاکھ 2ہزار 1سو5زخمی ہو چکے۔