لبنان میں جنگ بندی شروع،غزہ میں مزید 33شہید
واشنگٹن، بیروت ،غزہ (اے ایف پی،رائٹرز) امریکی صدر بائیڈن نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور فرانس کی ثالثی میں لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان فائربندی بدھ سے نافذ العمل ہو گئی ہے ۔
جنگ بندی بدھ کو مقامی وقت کے مطابق صبح چار بجے شروع ہوئی،بائیڈننے کہا کہ 60 دن کا معاہدہ اگر مکمل طور پر لاگو ہوتا ہے تو اس سے دشمنی کا مستقل خاتمہ ہو سکتا ہے ۔قبل ازیں انہوں نے کہا کہ حزب اللہ اور دیگر گروپ اب اسرائیل کی سلامتی کیلئے خطرہ نہیں بنیں گے ۔انہوں نے کہا کہ امریکا اسرائیل اور حماس کے درمیان فائربندی کے حصول کے لیے آنے والے دنوں میں پھر سے دباؤ ڈالے گا۔ نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ فائربندی سے اسرائیل کو حماس پر دباؤ بڑھانے اور ایرانی خطرے پر توجہ مرکوز کرنے کا موقع ملے گا۔اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ حزب اللہ کے ساتھ فائربندی حماس کو تنہا کر دے گی۔لبنان کے نگران وزیر اعظم نجیب میقاتی نے فائربندی کو استحکام کی طرف ایک ضروری قدم قرار دیا ہے ۔فرانسیسی صدر نے کہا کہ لبنان میں فائربندی سے غزہ میں جنگ کے خاتمے کیلئے راستہ کھل سکتا ہے ۔جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک نے کہا معاہدہ پورے خطے کے لیے امید کی کرن ہے ۔حماس کا کہنا ہے کہ لبنان کے بعد غزہ میں بھی جنگ بندی کے لیے تیار ہیں ، ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ دشمن کا لبنان کے ساتھ معاہدے کو اپنی پیشگی شرائط کے بغیر قبول کرنا نیتن یاہو کے مشرق وسطیٰ کو طاقت کے ذریعے نئے سرے سے تشکیل دینے کے فریب کو توڑنے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے ۔لبنان میں جنگ بندی کے بعد حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ حسن نصراللہ کا جسد خاکی شایان شان انداز میں سپرد خاک کیا جائے گا۔تدفین غیر ملکی شخصیات اور عوام کی موجودگی میں کی جائیگی۔واضح رہے کہ حسن نصراللہ 27 ستمبر کو بیروت کے جنوبی ٹاؤن پر اسرائیلی بمباری میں شہید ہوگئے تھے ۔ علاوہ ازیں گزشتہ 24گھنٹے کے دوران غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملوں میں 33افراد شہید ،100سے زائد زخمی ہو گئے ۔وزارت صحت کے مطابق 7اکتوبر 2023سے جاری جنگ میں اب تک 44ہزار 282فلسطینی شہید،1لاکھ 4ہزار 880زخمی ہو چکے ۔ادھر اسرائیل نے عالمی عدالت کو بتایا کہ وہ جنگی جرائم کے الزام میں وزیر اعظم نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع کے وارنٹ گرفتاری کے خلاف اپیل کرے گا۔ وزیر اعظم کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل نے عدالت سے اپیل کا نتیجہ آنے تک نیتن یاہو اور یوو گیلنٹ کے وارنٹ کو معطل کرنے کی درخواست کی ہے ۔