غزہ پر اسرائیلی حملے جاری ،52 شہید،ایک اور یرغمالی کی ویڈیو جاری

غزہ پر اسرائیلی حملے جاری ،52 شہید،ایک اور یرغمالی کی ویڈیو جاری

غزہ (اے ایف پی)غزہ کے کئی علاقوں پر اسرائیلی حملے جاری، 24 گھنٹوں میں 52افراد شہید ،140سے زائد زخمی ہو گئے ۔

ادھر حماس کے مسلح ونگ عزالدین القسام بریگیڈز نے ہفتے کے روز 7 اکتوبر 2023 کو غزہ کی پٹی میں اغوا کئے گئے ایک اسرائیلی یرغمالی کی ویڈیو جاری کی ہے ۔ساڑھے تین منٹ کی ویڈیو میں نوجوان یرغمالی عبرانی میں کہتا ہے کہ وہ 420 دنوں سے زیادہ عرصے سے قید میں ہے ۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں اب تک کم ازکم 44ہزار664فلسطینی شہید ،1لاکھ 5ہزار 976زخمی ہو چکے ۔ادھر قطر کے وزیر اعظم محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی نے ہفتے کے روز کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدر منتخب ہونے کے بعد غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کے تبادلے کے معاہدے کیلئے مذاکرات کی رفتار تیز ہو گئی ہے ۔ علاوہ ازیں حماس کے قریبی ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ غزہ میں جنگ بندی اور 

یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کے لیے مذاکرات کا ایک نیا دور آنے والے ہفتے میں شروع ہونے کا امکان ہے ۔یاد رہے مصر، قطراور دیگر فریق غزہ جنگ اور اسرائیلی قتل عام کو روکنے کے لئے کوششیں کر رہے ہیں۔ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے 10 دن بعد اسرائیلی حملوں میں جنوبی لبنان میں چھ افراد شہید ہو گئے ۔ وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا کہ بیت لائف قصبے پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں پانچ افراد شہید ،پانچ زخمی ہوئے جبکہ دیر سریان میں ڈرون حملے میں ایک شخص شہید ہوا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں