آبنائے ہرمز بند رہے گی، ہر ایرانی کے خون کا بدلہ لیا جائیگا : مجتبیٰ خامنہ ای کا پہلا پیغام، تیل کی قیمتیں پھر اوپر

آبنائے ہرمز بند رہے گی، ہر ایرانی کے خون کا بدلہ لیا جائیگا : مجتبیٰ خامنہ ای کا پہلا پیغام، تیل کی قیمتیں پھر اوپر

مشرق وسطیٰ میں امریکی اڈے بند کئے جائیں،ورنہ حملے جاری رہیں گے :رہبراعلیٰ ،ایران کو ایٹم بم بنانے سے روکنا تیل کی قیمتوں کو روکنے سے زیادہ اہم :ڈونلڈٹرمپ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں نہیں بچھا رہے :ایران ،پاسداران انقلاب کے عراق ،کویت ،یواے ای میں امریکی تنصیبا ت پرحملے ،بصرہ کے قریب 2بحری جہاز نشانہ

تہران ،واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں) ایران کے نئے رہبر اعلٰی مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے پہلے ریکارڈ شدہ پیغام میں آبنائے ہرمز کو بند رکھنے اور میناب کے سکول میں بچیوں سمیت شہید ہونیوالے ہرایرانی کے خون کا بدلہ لینے کا اعلان کردیا ،ان کاکہناتھاکہ مشرق وسطیٰ میں امریکی اڈے بند کئے جائیں، امریکی اڈے بند نہ ہوئے توحملے جاری رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ دشمن جھوٹ کا سہارا لے رہاہے ، میرے والد علی خامنہ کو 10رمضان کو قرآن پڑھتے ہوئے شہید کیا گیا۔ آبنائے ہرمز کو بند رکھنے کے اعلان پر تیل کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر چلی گئیں اور سٹاک مارکیٹس میں خسارے بڑھ گئے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کو ایٹم بم بنانے سے روکنا تیل کی قیمتوں کو روکنے سے زیادہ اہم ہے۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ امریکا دنیا میں سب سے بڑا تیل پیدا کرنے والا ملک ہے، اس لئے جب تیل کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو ہم بہت زیادہ پیسہ کماتے ہیں۔ایران نے کہا کہ کچھ ممالک کے جہازوں کو آبنائے ہرمز عبور کرنے کی اجازت دی گئی ہے، نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی نے تہران میں اے ایف پی کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا کہ کچھ ممالک نے پہلے ہی ہم سے اس بارے میں بات کی اور ہم نے ان کے ساتھ تعاون کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں نہیں بچھا رہا۔ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران کی بجلی کی تنصیبات کو نشانہ بنایا تو پورا خطہ اندھیرے میں ڈوب جائے گا۔ ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ ایرانی جزائر کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ایکس پر جاری ایک بیان میں ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے مزید کہا کہ اگر ایرانی جزائر کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی ہوئی تو ہم خلیج فارس کو حملہ آوروں کے خون سے بھر دیں گے۔ایران کی جانب سے مسلسل حملوں نے مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ممالک میں بڑے پیمانے پر افراتفری مچا دی ہے۔ عراق کے جنوبی شہر بصرہ کی بندرگاہ کے قریب دو تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد ملک کے آئل ٹرمینلز پر آپریشن روک دیا گیا، ڈرون حملے اور ملبے کے گرنے کی دو جگہوں پر اطلاعات موصول ہوئیں جبکہ ایران کی خلیج میں مہم کے دوران کویت کے ہوائی اڈے کو ایک اور حملے میں نقصان پہنچا۔بحرین نے ایندھن کے ذخیرے پر حملے کے بعد شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے ۔ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا کہ انہوں نے متحدہ عر ب امارات ، عراق اور کویت میں امریکی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔

امریکی وزیرِ توانائی کرس رائٹ کا کہنا ہے کہ ان کے ملک کی بحریہ اس وقت آبنائے ہرمز سے گزرنے والے آئل ٹینکروں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے تیار نہیں ہے ۔امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ ماہ ایران کے خلاف جنگ کے آغاز سے اب تک تقریباً 6ہزار اہداف پر حملے کئے جا چکے ہیں۔اسرائیل کی فوج نے کہا کہ حزب اللہ نے اس سے ایک رات قبل تقریباً 200 راکٹ اسرائیل پر فائر کئے ، اسے جنگ کے بعد اب تک کا سب سے بڑا حملہ قراردیا گیا ہے ۔بین الاقوامی توانائی ایجنسی (IEA)نے خبردار کیا کہ مشرق وسطیٰ کی جنگ تاریخ میں سب سے بڑے تیل کی فراہمی کے بحران کو جنم دے رہی ہے کیونکہ ایران نے خلیج میں توانائی کے اہداف کے خلاف حملوں کی نئی لہر شروع کی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں