فائیو جی سپیکٹرم نیلامی کا پہلا مرحلہ مکمل، 3.5 گیگا ہرٹز بینڈ کا باقاعدہ افتتاح
اسائنمنٹ مرحلہ میں مختلف بینڈز کے سپیکٹرم کی تقسیم، ساڑھے 7سو میگا ہرٹز سپیکٹرم سے پاکستان عالمی اوسط کے قریب:وزیر آئی ٹی حکومت کو تقریباً 507ملین ڈالر آمدن ہوئی:شزا فاطمہ، یہ نیلامی غیر ملکی سرمایہ کاری کے بڑھتے اعتماد کی واضح علامت:خرم شہزاد
اسلام آباد (نیوز رپورٹر، اے پی پی)فائیوجی سپیکٹرم نیلامی کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا، 3.5گیگا ہرٹز بینڈ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا، وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا اسائنمنٹ مرحلہ میں مختلف بینڈز کے سپیکٹرم کی حتمی تقسیم کی گئی، تقریباً ساڑھے 7سو میگا ہرٹز مجموعی سپیکٹرم سے پاکستان عالمی اوسط کے قریب پہنچ گیا، حکومت کو تقریباً 507ملین ڈالر آمدن ہوئی، وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا یہ نیلامی ٹیلی کام اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے بڑھتے اعتماد کی واضح علامت ہے۔
فائیو جی سپیکٹرم کی تقریب سے خطاب کے دوران شزا فاطمہ خواجہ نے کہا تیز رفتار انٹرنیٹ ملکی معیشت، تعلیم، صحت اور قومی سلامتی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، فائیوجی سپیکٹرم کی نیلامی کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو گیا جس کے تحت 480 میگا ہرٹز سپیکٹرم تین موبائل آپریٹرز جاز،زونگ اور یوفون نے حاصل کی، حکومت کو تقریباً 507 ملین ڈالر آمدن ہوئی۔ نیلامی کے پہلے مرحلے کے ایک روز بعد اسائنمنٹ مرحلے کا عمل ہوگیا جس میں مختلف بینڈز میں سپیکٹرم کی حتمی تقسیم کی گئی اور 3.5 گیگا ہرٹز بینڈ کے عمل کا باقاعدہ افتتاح بھی کر دیا گیا۔
پہلے اتنی بڑی مقدار میں سپیکٹرم کبھی نیلام نہیں کیا گیا۔پاکستان 1987 سے اب تک مجموعی طور پر صرف 274 میگا ہرٹز سپیکٹرم پر کام کر رہا تھا جس سے ملک کو خطے میں سپیکٹرم کی کمی کا سامنا تھا، اس نیلامی کے بعد مجموعی سپیکٹرم تقریباً ساڑھے سات سو میگا ہرٹز تک پہنچ گیا جس سے پاکستان اب عالمی اوسط کے قریب آ گیا ہے ۔اس نیلامی سے نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے نئے مواقع ملیں گے ، زراعت، صحت بالخصوص دور دراز علاقوں میں تعلیم اور صحت کی سہولیات تک رسائی بہتر ہوگی۔ چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے کہا فریکوئنسی ایلوکیشن بورڈ اور ٹیلی کام انڈسٹری کے ساتھ مل کر سپیکٹرم کی دستیابی اور تکنیکی جانچ پڑتال پہلے ہی مکمل کی جا چکی ہے۔
خرم شہزاد نے اس موقع پر کہا اس سے قبل پی آئی اے کی 645 ملین ڈالر کی نجکاری مقامی سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کا اہم اشارہ ہے ۔ کمپنی جاز (ویون گروپ) نے آئندہ تین برسوں کے دوران پاکستان میں مزید ایک ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے ۔ ادھر پی ٹی اے کے مطابق اسائنمنٹ مرحلے میں مختلف بینڈز میں فریکوئنسی کی پوزیشنز کو حتمی شکل دی گئی۔ 2600 میگاہرٹز بینڈ میں جاز نے 70 میگاہرٹز ، زونگ اور یوفون نے 60، 60 میگاہرٹز کے بلاکس حاصل کیے ۔ 3500 میگاہرٹز بینڈ میں یوفون نے 120 میگاہرٹز ، جاز اور زونگ نے 50، 50 میگاہرٹز کے سپیکٹرم حاصل کیے جبکہ 60 میگاہرٹز سپیکٹرم فروخت نہیں ہو سکا۔ جاز نے 239.38 ملین ڈالر مالیت کا سپیکٹرم حاصل کیا، زونگ نے 156.75 ملین ڈالر اور یوفون نے 113.47 ملین ڈالر سرمایہ کاری کی۔