غزہ:55شہید،جنگ بندی معاہدے کے قریب پہنچ چکے :امریکا

غزہ:55شہید،جنگ بندی معاہدے کے قریب پہنچ چکے :امریکا

واشنگٹن (اے ایف پی،اے پی ،دنیا نیوز)غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیل کے تازہ حملوں میں کم ازکم 55افراد شہید،95سے زائد زخمی ہو گئے ۔

غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں اب تک کم ازکم 44ہزار875فلسطینی شہید ،1لاکھ 6ہزار 454زخمی ہو چکے ۔دوسری جانب مشیر امریکی قومی سلامتی جیک سلیوان نے کہاکہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے قریب پہنچ چکے ۔جیک سلیوان نے کہا اسرائیل اور حماس آمادہ نظر آتے ہیں، اُمید ہے جنگ بندی اسی ماہ ہو جائے گی، لبنان میں جنگ بندی کے بعد حماس کا مؤقف بدل گیا ہے ، امریکی صدر بائیڈن اور ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیمیں جنگ بندی کیلئے پیشہ ورانہ اور سنجیدہ انداز میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم جنگ بندی کیلئے ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کا انتظار نہیں کر رہے ، جنگ بند ی کے بعد قیدیوں کی واپسی اور بڑے پیمانے پر غزہ میں انسانی امداد کی اجازت ہو گی۔ادھر حماس کے سینئر رہنما خالد مشعل کے سوتیلے بھائی مفید عبدالقادر مشعل 20 سال بعد امریکی جیل سے رہا ہوگئے ۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق عبدالقادر کو حماس کی مالی امداد میں معاونت کے الزام میں سزا سنائی گئی تھی۔ ان کے علاوہ چار فلسطینی نژاد امریکی شہریوں کو بھی سخت قید کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔امریکی حکام نے مفید عبدالقادر مشعل کی رہائی کی تاحال تصدیق یا تردید نہیں کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں