طالبان سے کالعدم دہشتگرد تنظیم کا درجہ ختم کرنے کی راہ ہموار
ماسکو(اے ایف پی)روس کی پارلیمنٹ نے گزشتہ روز ایک بل کی منظوری دی ہے جس سے طالبان سے کالعدم دہشت گرد تنظیم کا درجہ ختم کرنے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے ،2021میں افغانستا ن سے امریکا کے انخلا کے بعد روس کے طالبان کیساتھ تعلقات استوارہوئے تھے اور۔۔۔
اس کے بعد سے روسی حکام طالبان کو دہشت گرد گروپوں کی سرکاری فہرست سے نکالنے پر زور دے رہے ہیں۔ اس ضمن میں ریاستی ڈوما نے ایک بل منظور کیا ہے جس میں گروپوں کو قانونی طور پر فہرست سے نکالے جانے کے طریقہ کار کا خاکہ پیش کیا گیا ہے ،جس میں مستقبل کے متوقع فیصلے کے لئے ضروری قانونی فریم ورک تیار کیا جائے گا۔یہ بل اب ایوان بالا کی فیڈریشن کونسل اور پھر صدر ولادی میر پوٹن کو دستخط کیلئے بھیجا جائے گا جس کے بعد یہ باقاعدہ قانون بن جائے گا ۔گزشتہ ماہ کابل کے دورے میں روس کے اعلیٰ سکیورٹی حکام نے اپنے افغان ہم منصبوں کو بتایا کہ ماسکو جلد ہی طالبان کو کالعدم تنظیموں کی فہرست سے نکال دے گا۔مجوزہ بل کے تحت روس کے پراسیکیوٹر جنرل ایک روسی عدالت میں ایک درخواست دائر کریں گے جس میں اس بات کا خاکہ پیش کیا جائے گا کہ ایک گروپ نے دہشت گردی کی حمایت میں اپنی سرگرمیاں بند کر دی ہیں جس پر جج فیصلہ دے گا اور طالبان کودہشت گرد گروپوں کی سرکاری فہرست سے نکال دیاجائے گا ۔واضح رہے کہ قازقستان نے 2023 کے آخر میں طالبان کو کالعدم دہشت گرد گروپوں کی اپنی فہرست سے نکال دیا۔