برطانیہ،نشئی ڈرائیورز کو پکڑنے کیلئے اے آئی کیمرہ تیار
لندن(نیٹ نیوز)برطانیہ کی کاؤنٹی ڈیون اور کارن وال میں پہلی بار اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس کیمرے کا تجربہ کیا گیا ہے ۔
کیمرہ نشے کی حالت میں گاڑی چلانے والے ڈرائیورز کو پکڑنے کیلئے بنایا گیا ہے ۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ جدید ترین کیمرہ منشیات کے استعمال کے بعد نشے کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کی نشاندہی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔رپورٹ کے مطابق کیمرے کے ذریعے نشے کی حالت میں گاڑی چلانے والے ڈرائیورز کی نشاندہی کے بعد پولیس اہلکار اس گاڑی کو روک سکتے ہیں اور موقع پر ہی فوری تحقیقات کر سکتے ہیں تاکہ یہ پتہ لگایا جاسکے کہ آیا ڈرائیور نے شراب نوشی کی ہے یا غیر قانونی منشیات کا استعمال کیا ہے ۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ کیمرہ پورٹ ایبل ہے اور سڑک پر کہیں بھی لگایا جاسکتا ہے اور یہ بغیر کسی انتباہ کے نشے کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کی نشاندہی کرتا ہے ۔