حماس غزہ میں جنگ بندی معاہدہ کیلئے 2 شرائط سے دستبردار
غزہ (اے ایف پی ،اے پی پی ،مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ کی پٹی میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے ۔۔
حماس غزہ پٹی سے اسرائیلی فورسز کے مکمل انخلا اور مکمل جنگ بندی کی شرائط سے دستبردار ہوگئی ہے جبکہ اسرائیل کی فلسطین پر بربریت کا سلسلہ جاری ہے اور تازہ حملوں میں 12فلسطینی شہید ہوگئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق جنگ بندی معاہدے کیلئے حماس بیمار، عمر رسیدہ اور خواتین فوجی یرغمالیوں کی رہائی پر رضامند ہوگئی اور حماس نے عمر رسیدہ قیدیوں کی قطر اور ترکیہ منتقلی کی بھی حامی بھرلی ہے ۔عرب میڈیا کے مطابق حماس نے شمالی غزہ پٹی میں اسرائیلی چیک پوسٹوں کے قیام کی مخالفت کردی ہے ۔ حماس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر اسرائیل نئی شرائط عائد نہ کرے تو جنگ بندی معاہدہ ہوسکتا ہے ۔ قاہرہ میں غزہ جنگ بندی مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ چند دن میں جنگ بندی ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے ۔غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کا کہناہے کہ گزشتہ روز اسرائیل کے مختلف علاقوں میں بمباری سے 12فلسطینی شہید ہوئے ،جن میں سے اکثریت بے گھر فلسطینیوں نے شمال میں ایک مکان میں پناہ لے رکھی تھی۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اب تک جنگ میں 45ہزار97فلسطینی شہید ہوچکے ہیں اور ایک لاکھ 7ہزار 244زخمی ہوئے ۔عالمی بینک نے کہاہے کہ غزہ کی پٹی میں جنگ کے باعث بینکوں کی 93 فیصد شاخیں تباہ ہو چکی ہیں ۔ جنگ کے باعث 88 فیصد مائیکروفنانس ادارے ، زیادہ تر منی ایکسچینج خدمات اور 8 فیصد انشورنس کمپنیاں بھی تباہ ہو چکی ہیں ۔ ڈاکٹرز وِدآئوٹ بارڈرز کے 12 عملے کے ارکان اور ان کے اہلخانہ خان یونس کے مغربی علاقے المویسی میں جاری اسرائیلی گولہ باری کے باعث اپنے گھروں میں پھنس گئے ہیں۔ فلسطینی خاندانوں نے امریکی محکمہ خارجہ کے خلاف ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کیلئے امریکی ضلعی عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا،یہ مقدمہ دسیوں ہزار افراد کی ہلاکت اور انسانی بحران کا سبب بننے والی غزہ جنگ میں امریکاکی جانب سے اسرائیلی فوج کی حمایت پر دائر کیا گیا ہے ۔