ماں کے علاج کے پیسے جوا میں ہارنے پر نوجوان کی خودکشی
نئی دہلی (دنیا مانیٹرنگ) بھارت میں ایک نوجوان نے آن لائن رمی گیم میں اپنی والدہ کے کینسر کے علاج کیلئے جمع کی گئی رقم سے محروم ہونے پر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔پولیس نے نوجوان کی شناخت آکاش کے طور پر کی۔۔۔
جو ایک کیٹرنگ ڈیلیوری ورکر تھا۔ متوفینے کورونا وبا کے دوران آن لائن رمی گیم (تاش کے پتوں کا ایک کھیل) کھیلنا شروع کیا اور بعد میں اس کا عادی ہوگیا۔پولیس کے مطابق آکاش کچھ سال پہلے اپنے والد کی موت کے بعد کینسر کی مریضہ ماں اور بھائی کے ساتھ رہتا تھا۔آکاش کی ماں نے بتایا کہ اس نے اپنے علاج کے لئے 30 ہزار روپے بچائے تھے ، جو غائب ہوگئے ، پوچھ گچھ پر آکاش نے اعتراف کیا کہ اس نے پیسے آن لائن گیم کھیلنے کے لیے استعمال کیے تھے ۔آکاش ماں اور بھائی کے ڈانٹنے کے بعد جمعہ کی شام گھر سے موبائل فون لے کر لاپتا ہو گیا تھا۔ہفتہ کی صبح اس کی لاش رہائشگاہ کی چھت سے ملی۔بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ چار برس کے دوران تامل ناڈو میں 48 افراد آن لائن بیٹنگ ایپس اور آن لائن لون فراڈ کی لت کی وجہ سے خودکشی کر چکے ہیں۔