امریکا : سال نو کا جشن منانیوالوں پر گاڑی چڑھا دی ، 10 ہلاک : جرمنی : آتش بازی سے 5 مارے گئے

امریکا  : سال  نو  کا جشن  منانیوالوں  پر  گاڑی  چڑھا  دی  ، 10 ہلاک  :  جرمنی  : آتش  بازی  سے 5 مارے  گئے

نیو اورلینز(اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا میں ایک شخص نے سال نو کا جشن منانیوالوں پر گاڑی چڑھا دی جس کے باعث 10 افراد ہلاک،35زخمی ہو گئے ۔

دوسری جانب جرمنی میں سال نو کے آغاز پر آتش بازی سے 5 لوگ مارے گئے ۔تفصیلات کے مطابق امریکی شہر نیو اورلینز میں سال نو کا جشن منانیوالوں پر ڈرائیور نے گاڑی چڑھا دی،مقامی حکام کے مطابق واقعہ نیو ایئر ڈے کے موقع پر شہر کے ٹورسٹ  ڈسٹرکٹ میں صبح سویرے پیش آیا۔ سٹی ڈیزاسٹر کے مطابق بعدازاں ڈرائیور نے گاڑی سے اتر کر فائرنگ شروع کر دی ،جوابی کارروائی میں ملزم بھی مارا گیا ۔محکمہ پولیس کے سپرنٹنڈنٹ اینا کرک پیٹرک نے بتایا کہ دو پولیس افسر بھی ملزم کا نشانہ بنے تاہم ان کی حالت بہتر ہے ۔انہوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے دھماکا خیز مواد بھی ملا ہے ۔ایف بی آئی نے کہا ہے کہ ہجوم میں ٹرک چڑھانے والا 42 سالہ شخص شمس الدین جبار امریکی شہری اور ٹیکساس کا رہائشی تھا، گاڑی میں داعش کا جھنڈا لگا ہوا تھا،ایف بی آئی کا کہنا تھا ملزم کا دہشتگرد تنظیموں کے ساتھ وابستگی کا تعین کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں ۔ ایف بی آئی نے گاڑی چڑھانے کا واقعہ دہشتگردی قرار دے دیا۔وائٹ ہاؤس نے کہا کہ حملے کے بعد صدر بائیڈن نے نیو اورلینز کے میئر کو فون کر کے وفاقی مدد کی پیشکش کی ۔بائیڈن نے ایک بیان میں کہا کہ کسی بھی قسم کے تشدد کا کوئی جواز نہیں ، ہم اپنی قوم کی کسی بھی برادری پر حملے کو برداشت نہیں کریں گے ۔ نو منتخب صدر ٹرمپ نے فوری طور پر حملے کو غیر قانونی امیگریشن سے جوڑ دیا،ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ میں کہا آنے والے مجرم ہمارے ملک میں موجود مجرموں سے کہیں زیادہ بدتر ہیں،ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ملک میں جرائم کی شرح اس سطح پر ہے جسے کسی نے نہیں دیکھا۔ دوسری جانب جرمنی میں نئے سال کی آمد کے موقع پر آتش بازی کے باعث ہونے والے مختلف حادثات میں پانچ افراد ہلاک ، متعدد زخمی ہو گئے ۔پولیس ترجمان فلورین ناتھ کا کہنا ہے کہ مغربی جرمنی کے شہر نوئے ویڈ میں لکڑی کے ایک گودام میں آگ لگ گئی۔ شدید آتش بازی کی وجہ سے حادثات میں 13 سرکاری اہلکاروں سمیت 25لوگ زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے ۔دارالحکومت برلن سے 330 افراد کو حراست میں لیا گیا۔فلپائن میں نئے سال کی تقریبات کے دوران پٹاخوں سے حادثات میں 340 افراد زخمی ہوئے ۔ادھر نئے سال کی آمد پر جنوبی کوریا وہ واحد ملک تھا جہاں نئے سال کا جشن روایتی جوش و خروش سے نہیں منایا گیا بلکہ طیارے حادثے کے باعث ملک میں سوگ رہا۔یاد رہے کہ 29 دسمبر کو موان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیارہ تباہ ہونے کے نتیجے میں 179 افراد ہلاک ہو گئے تھے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں