بھارت پاکستان میں دہشت گردی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث:امریکی اخبار
واشنگٹن(دنیا نیوز،اے پی پی)امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے کہاہے کہ بھارت پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں کے ذریعے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے ۔بھارتی ایجنسی را نے اجرتی قاتلوں اور افغانی ہتھیاروں کے ذریعے پاکستان میں 6 افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا ۔
امریکی اخبار کے مطابق اپریل 2024میں لاہور میں عامر سرفراز تانبا کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔گزشتہ برس پاکستانی شہریوں محمد ریاض اور مولانا شاہد لطیف کی ٹارگٹ کلنگ میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد منظر عام پر آ چکے ، اخبار نے لکھا کہ بھارت نے امریکا، کینیڈا اور مغربی ممالک میں بھی ماورائے عدالت قتل کروائے ۔ کینیڈا اور امریکا میں بھارتی خفیہ ایجنسی نے سکھ رہنماؤں کو قتل کیا جبکہ را کے افسر کاوش یادو نے نیویارک میں سکھ علیحدگی پسند رہنما پر قاتلانہ حملے کی ہدایات جاری کیں۔