غزہ:پولیس چیف معاون سمیت شہید،ہزاروں اسرائیلی فوجیوں کا لڑنے سے انکار
غزہ،یرو شلم (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی غزہ کے المواصی کیمپ پر اسرائیلی بمباری سے غزہ پولیس کے چیف محمود صلاح اور ان کے معاون حسان مصطفی شہید ہو گئے ۔
اسرائیلی فوج نے المواصی کیمپ میں محمود صلاح کے خیمے کو نشانہ بنایا ۔ سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود بسال نے بتایا ہے کہ قابض اسرائیلی فوج کی بمباری کے نتیجے میں 11 افراد شہید ہو ئے جن میں تین بچے اور2 خواتین شامل ہیں جبکہ 15 افراد زخمی ہو گئے ۔ غزہ کی وزارت داخلہ کے ہیڈکوارٹرز پر اسرائیلی حملے میں 6لوگ شہید ہو گئے ، حملے میں عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا۔جہاد اسلامی کا کہنا ہے کہ غزہ میں ایک اسرائیلی یرغمالی نے خودکشی کی کوشش کی۔طبی ٹیم نے اسے موت سے بچا لیا۔ اسرائیلی حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم ازکم 35افراد شہید ،60سے زائد زخمی ہو گئے ۔وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جنگ میں اب تک کم ازکم 45ہزار 581فلسطینی شہید ،1لاکھ 8ہزار 438زخمی ہو چکے ۔گزشتہ ہفتے مغربی کنارے کے جنین کیمپ میں فلسطینی پولیس اور حماس کے درمیان جھڑپیں نشر کرنے پر فلسطینی اتھارٹی نے الجزیرہ ٹی وی کی نشریات بند کر دیں ۔وزیر اعظم نیتن یاہو نے اسرائیلی مذاکرات کاروں کو غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کیلئے دوحہ میں بات چیت جاری رکھنے کا اختیار دے دیا،یاد رہے قطر، مصر اور امریکا کی ثالثی میں غزہ جنگ بندی کیلئے بالواسطہ مذاکرات ہو رہے ہیں ۔ادھر ہزاروں اسرائیلی فوجیوں نے مسلسل جنگ کے باعث ذہنی دباؤ کے نتیجے میں غزہ میں لڑنے سے انکار کردیا ۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق فوج میں خودکشیوں کے واقعات اور ذہنی دباؤ کی شکایات میں اضافہ ہو رہا ۔ فوجی حکام کا بتانا ہے کہ 2024 میں 21 اسرائیلی فوجیوں نے خودکشی کی جبکہ 2023 میں 17 فوجیوں نے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔