ٹرمپ کو سزا سنانے کیلئے 10جنوری کی تاریخ مقرر
نیویارک(اے ایف پی)نیویارک کی عدالت نے ہش منی کیس میں ٹرمپ کو سزا سنانے کیلئے 10 جنوری کی تاریخ مقرر کر دی ۔
امریکی میڈیا کے مطابق ممکنہ طور پر ٹرمپ کوجیل کی سزا نہیں ہوگی، وہ حلف برداری سے پہلے ہی سزا کے خلاف اپیل دائرکریں گے ،ٹرمپ مجرم قرار پاکرخدمات انجام دینے والے پہلے امریکی صدرہوں گے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال مئی میں ٹرمپ پرکاروباری معلومات میں جعلسازی سمیت 34 الزامات کے تحت فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ عدالت نے صدارتی استثنیٰ کا دعویٰ بھی مسترد کردیا تھا۔ مقدمے کی سماعت کرنے والے جج جووان ایم مرچن نے تحریری فیصلے میں اشارہ دیا کہ وہ مستقبل کے صدر کو وہ سزا سنا ئیں گے جسے ان کنڈیشنل ڈسچارج کہتے ہیں۔اس میں جرم ثابت ہو جاتا ہے تاہم جیل جانے کے معاملے میں رعایت دی جاتی ہے اور جرمانہ ادا کیا جا سکتا ہے ۔عدالت نے ٹرمپ کی جانب سے صدارتی استثنیٰ اور دوسری بار صدر منتخب ہونے کی بنیادوں پر دی جانے والے درخواست کو مسترد کر دیا۔جووان مرچن نے لکھا کہ اس معاملے کو حتمی شکل دینے سے انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے ۔ادھر ٹرمپ نے ہش منی کیس میں سزا کو ناجائز سیاسی حملہ قرار دیکر مسترد کر دیا۔ٹرمپ نے اپنے ’’سچ سوشل پیج‘‘ پر لکھایہ ناجائز سیاسی حملہ دھاندلی کے سوا کچھ نہیں ۔واضح رہے نومنتخب صدر کو پورن سٹار سٹورمی ڈینیئل کو رقم دینے سمیت مالی لین دین سے متعلق 34 الزامات کا سامنا ہے جسے ہش منی کیس کہا جاتا ہے ۔ نومنتخب امریکی صدر کو 26 نومبر کو سزا سنائی جانی تھی تاہم عدالت نے سزا سنانے کی تاریخ غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی تھی۔