لاس اینجلس:آگ ہالی ووڈہلز تک جاپہنچی،اداکاروں کے گھر بھی نہ بچے:بائیڈن کا آخری غیر ملکی دورہ منسوخ

لاس اینجلس:آگ ہالی ووڈہلز تک جاپہنچی،اداکاروں کے گھر بھی نہ بچے:بائیڈن کا آخری غیر ملکی دورہ منسوخ

لاس اینجلس، واشنگٹن(اے ایف پی)لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی آگ ہالی ووڈ ہلز تک جاپہنچی ، اداکاروں کے گھر بھی نہ بچے ،بائیڈن نے آخری غیر ملکی دورہ منسوخ کر دیا ۔

ہالی ووڈ ہلز میں لگنے والی آگ پبلک پارک ہالی ووڈ باؤل سمیت دیگر مشہور مقامات پر بھی بھڑک رہی ہے ،اب تک ایک ہزار سے زائد کی املاک جل کر خاک ہو چکی ہیں، جن میں گھر اور کاروباری ادارے  بھی شامل ہیں۔کوسٹ آئی لینڈ سے پسادینا تک رہائش پذیر ایک لاکھ 30 ہزار سے زیادہ آبادی کو علاقہ خالی کرنے کے احکامات جاری کئے جا چکے ۔تیز ہواؤں سے آگ پھیل رہی ہے ۔ نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ۔صدر بائیڈن نے کیلی فورنیا آتشزدگی کے باعث اپنی مدت صدارت کا آخری غیر ملکی دورہ منسوخ کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق امریکا کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگنے والی آگ بے قابو ہو چکی ، آگ نے بالی ووڈ ہلز کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔فائر فائٹرز مختلف مقامات پر آگ بجھانے میں مصروف ہیں ،اب تک آگ سے پانچ افراد ہلاک کئی زخمی ہو چکے ہیں ۔آگ کی وجہ سے میٹروپولیٹن ایریا میں کوسٹ آئی لینڈ سے پسادینا تک رہائش پذیر ایک لاکھ 30 ہزار سے زیادہ آبادی کو علاقہ خالی کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔انخلا کے باعث سڑکوں پر مسلسل افراتفری کی صورتحال ہے ۔ لوگ اپنے چہروں کو ڈھانپنے کیلئے گیلے کپڑے کا سہارا لے رہے ہیں تاکہ وہ سانس لینے میں مشکل سے بچ سکیں۔تیز ہواؤں کی وجہ سے جیسے جیسے آگ مختلف مقامات پر لگ رہی ہے ویسے نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ۔ادھر صدر بائیڈن نے کیلیفورنیا آتشزدگی کے باعث اپنی مدت صدارت کا آخری غیر ملکی اٹلی کا دورہ منسوخ کر دیا تاکہ لاس اینجلس میں جنگل کی آگ پر وفاقی ردعمل پر توجہ مرکوز کی جا سکے ،وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کرائن جین نے ایک بیان میں کہا کہ بائیڈن جمعرات سے اتوار تک اٹلی کا سفر کرنے والے تھے تاہم دورہ منسوخ کر دیا گیا ۔ایمرجنسی مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ لاس اینجلس میں تاریخی قدرتی آفت کا سامنا ہے ۔

میئر کیرن بیس کے مطابق ریاست بھر سے آنے والے فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں جب کہ آگ پر قابو پانے کیلئے فضائی آپریشنز بھی جاری ہیں۔فائر چیف چاڈ آگسٹن کے مطابق ہم آگ پر قابو نہیں پا سکے ، تیز ہوائیں آگ کو دور دور تک بھڑکا رہی ہیں۔آگ سے لاس اینجلس کی تاریخ کی سب سے بڑی تباہی ہوئی ہے ۔امریکی میڈیا کے مطابق اداکار، موسیقار اور دیگر مشہور شخصیات ان دسیوں ہزار لوگوں میں شامل ہیں جولاس اینجلس میں جنگل میں لگنے والی مہلک آگ سے متاثر ہوئے ، تفریحی صنعت ٹھپ ہو گئی۔ ہالی ووڈ کی تقریبات منسوخ کر دی گئیں ، پیسیفک پیلی سیڈس کے علاقے میں سینکڑوں گھر تباہ ہو گئے جو مشہور شخصیات کیلئے ایک پسندیدہ جگہ ہے جہاں خوبصورت پہاڑیوں پر کروڑوں ڈالر مالیت کے گھر ہیں،رپورٹ کے مطابق آگ کے شعلوں نے التادینا علاقے کی مسجد التقویٰ کوبھی لپیٹ میں لے لیا جبکہ ہالی وڈ کی مشہور شخصیات کے اربوں روپے مالیت کے گھر بھی تباہ ہوگئے ۔آگ اس قدر ہے کہ اسے بجھانے کیلئے اہلکار اور پانی کم پڑگیا جبکہ لاکھوں افراد متاثرہ علاقہ خالی کرنے پر مجبورہوگئے ۔رپورٹ کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہ لائی جاسکیں۔ شہر کی فضا خطرناک حدتک آلودہ ہوگئی۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے آگ سے ہزاروں گھر اور کاروباری مراکز جل کر خاک ہوگئے ، آگ سے نقصانات کا تخمینہ 50 ارب ڈالر سے بھی زائد ہو چکا ۔ ادھر آگ کے باعث علاقہ مکینوں کے گھر چھوڑنے پر لٹیروں کی چاندی ہوگئی، خالی گھروں میں لوٹ مارکے واقعات بھی رپورٹ ہورہے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ لوٹ مار کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں