لاس اینجلس میں تیز ہوائیں ،آگ پھیلنے میں شدت کاخدشہ

 لاس اینجلس میں تیز ہوائیں ،آگ پھیلنے میں شدت کاخدشہ

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک )لاس اینجلس میں لگنے والی آگ میں اب تک12ہزارسے زیادہ عمارتیں، گھر، دکانیں، شیڈز اور گاڑیاں تباہ ہو چُکی ہیں، بے قابو آگ کی وجہ سے ایٹن سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 7ہزار سے زیادہ مکانات اور گاڑیاں مکمل طور پر جل گئیں۔

 ایک سرکاری رپورٹ کے مطابق آگ کی وجہ سے 250 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے ،آگ کی وجہ سے جہاں بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا وہیں اب بھی ہزاروں گھر بجلی سے محروم ہیں جبکہ اموات کی تعداد 25 ہوگئی اور 23 افراد لاپتا ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق آگ مزید پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا، کیلیفورنیا کے گورنر نے نیشنل گارڈ کے مزید ایک ہزار اہلکار تعینات کرنے کا اعلان کر دیا۔شمال اور شمال مشرق میں 35 سے 55 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے ، ہواؤں کی وجہ سے ایل اے کاؤنٹی کا پورا علاقہ آگ کے خطرے میں پڑ نے کا خدشہ ہے ، آگ کے شعلے کم ہوگئے مگر خطرہ برقرار ہے ۔ امریکی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں تاہم یہ کوئی نہیں کہہ سکتا کہ لاس اینجلس کی آگ آخر کار کب ختم ہوگی۔ اگلے چند دنوں میں چلنے والی تیز ہواؤں کی وجہ سے آگ کی شدت میں اضافے کا امکان ہے ۔سانتا انا ہوائیں جس نے آگ کے شعلوں کو بھڑکایا تھا آج ان میں مزید شدت آنے کا امکان ہے ۔ لوگوں کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونے اور محتاط رہنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں