ایرانی آئل ٹینکرز ،تجارتی کمپنیز پرامریکی پابندیاں عائد

ایرانی آئل ٹینکرز ،تجارتی کمپنیز پرامریکی پابندیاں عائد

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک،اے ایف پی) امریکا نے ایرانی شخصیات، آئل ٹینکرز اور تجارتی کمپنیوں پر پابندیاں لگا دیں۔

 ایران کے وزیرتیل بھی امریکی پابندیوں کی زد میں آنے والی شخصیات میں شامل ہیں۔امریکی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ ایران تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی کو خطرناک مفادات پر استعمال  کر رہا ہے ۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ نئی امریکی پابندیاں قانون شکنی اور منافقت کا واضح ثبوت ہیں۔نئی پابندیاں ثبوت ہیں کہ مذاکرات کا دعویٰ محض دھوکا ہے ، مخالفین پر پابندیوں کی امریکی پالیسی عالمی امن و استحکام کیلئے خطرہ ہے ۔ادھر تہران پر ایٹمی مذاکرات کیلئے امریکا کے دباؤ کے بعد روس اور چین نے ایران کی حمایت کا اظہار کردیا ۔ سینئر چینی اور روسی سفارت کاروں نے کہا کہ بات چیت کی بحالی صرف باہمی احترام کی بنیاد پر ہونی چاہیے ۔ چین کے دارالحکومت میں ایران کے ساتھ بات چیت کے بعد مشترکہ بیان میں بیجنگ اور ماسکو نے ایرانی حکام کی اس بات کی تصدیق کا خیرمقدم کیا کہ اس کا ایٹمی پروگرام صرف پرامن مقاصد کیلئے ہے ۔ انہوں نے کہا جوہری توانائی کے پرامن استعمال کے ایران کے حق کا مکمل احترام کرنا ضروری ہے ۔کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے امریکی پابندیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے ایران کے جوہری معاملے پر سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا۔چین کے اعلیٰ سفارت کار وانگ یی کا کہنا ہے کہ ایران کا جوہری مسئلہ نازک موڑ پر ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں