پوپ فرانسس کی آخری رسومات 26 اپریل کو ادا کی جائینگی

ویٹی کن سٹی،کراچی (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک)کیتھو لک عیسائیوں کے روحانی پیشواپوپ فرانسس کی آخری رسومات 26اپریل ہفتے کو سینٹ پیٹرز سکوائر میں مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے ادا کی جائیں گی ۔
پوپ کا تابوت آج سینٹ پیٹرز باسیلیکا میں منتقل کیا جائیگا۔یاد رہے کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس 21اپریل کو 88 سال کی عمر میں وفات پا گئے تھے ۔پوپ فرانسس کی وفات کے اعلان کے بعد ویٹی کن سٹی کے سینٹ پیٹرز سکوائر میں لوگوں کا رش ہے ۔ جوق در جوق لوگ یہاں دعا کے لیے پہنچ رہے ہیں۔ یاد رہے پوپ فرانسس مارچ 2013 میں اس عہدے پر منتخب ہوئے تھے ۔پوپ فرانسس کے انتقال کے بعد نئے پوپ کے انتخاب میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے کارڈینل جوزف کاؤٹس بھی حصہ لیں گے ۔ رومن کیتھولک چرچ کے کارڈینل جوزف کاؤٹس کا تعلق کراچی سے ہے جو کارڈینل کے منصب پر فائز ہونے سے پہلے آرچ بشپ آف کراچی تھے ۔ادھر متعدد عالمی رہنماؤں نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہفتے کو پوپ فرانسس کی آخری رسومات کے لیے روم جائیں گے ۔امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ اور ان کی اہلیہ میلانیا تقریب میں شرکت کریں گے ، ارجنٹائن کے صدر جاویر میلی ،یورپی کمیشن کے سربراہ ارسلا وان ڈیر لیین اور یورپی کونسل کے سربراہ انتونیو کوسٹا بھی روم کا سفر کریں گے ، شاہ فیلیپ ششم اور سپین کی ملکہ لیٹیزیا بھی رسومات میں شرکت کریں گے ،فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں ، جرمن چانسلر اولاف شولز ، برطانیہ کے وزیر اعظم کیئر سٹارمر،یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی، بیلجیئم کے وزیر اعظم بارٹ ڈی ویور ،پولینڈ کے صدر اندرزیج ڈوڈا،پرتگال کے صدر مارسیلو ریبیلو ڈی سوسا اور وزیر اعظم لوئس مونٹی نیگرو ،ہنگری کے صدر تاماس سلیوک ،آسٹریا کے چانسلر کرسچن اسٹاکر اور سلووینیائی صدر نتاسا پیرک سمیت دیگر عالمی رہنما آخری رسومات میں شریک ہوں گے ۔