ویگن کی کار اور درخت سے ٹکر، 4 افراد جاں بحق، 8 زخمی
خوشاب سے سرگودھا آتے ہوئے حادثہ، زاہدہ، بہو حمیرا، پوتی، ڈرائیور چل بسے زخمی ہسپتال منتقل ،لاشیں ورثا کے حوالے ،مریم نواز کا اظہار افسوس
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) تیز رفتار ویگن سامنے سے آنے والی کار کو ٹکر مار کر سڑک سے اتر گئی اور درخت سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد اور ڈرائیور جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے ۔بتایاگیاہے کہ خوشاب سے سرگودھا آنے والی ویگن خوشاب روڈ پر نواب دا چک کے قریب سامنے سے آنے والی کار سے ٹکرا گئی اور سڑک سے اتر کر درخت سے جا لگی۔ بلاک 31 کی 55 سالہ زاہدہ بی بی، ان کی بہو 40 سالہ حمیرا بی بی، 8 سالہ پوتی سعدیہ جبکہ گاڑی کا ڈرائیور 28 سالہ محمد احسان موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔ رمضان، عروسہ بی بی، مناہل ، 2 ماہ کی دعا فاطمہ، عرفان، نوید، اعجاز اور عرفان اعظم زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں ، لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیاگیاجن میں سے پانچ کی حالت نازک ہے ۔ لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔